جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی: ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنےکے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی

قومی خبریں

کراچی کی ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی میں زیر تعمیر عمارت گرنے کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی، جبکہ 14 افراد زخمی اور 13 تاحال لاپتا ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق عمارت کے ملبے سے مزید 2 لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ دیگر افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائی جاری ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش کے دوران انتہائی احتیاط برتی جا رہی ہے اور بھاری مشینری کے بجائے دستی تلاش پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے، کیونکہ مشینری کے استعمال سے ملبے تلے موجود لاشوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

حکام کے مطابق بھاری مشینری کے استعمال سے عمارت کا باقی ماندہ ڈھانچا بھی گر سکتا ہے۔

یاد رہے کہ کراچی میں بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک 4 میں زیر تعمیر عمارت کی بالائی منزلیں گر گئی تھیں۔ عمارت 600 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی جا رہی تھی۔

ریسکیو حکام کے مطابق 6 منزلہ عمارت گرنے سے قبل ہلنا شروع ہوگئی تھی۔ مزدور پانچویں منزل پر کام کر رہے تھے کہ عمارت زور دار دھماکے کے ساتھ منہدم ہوگئی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت