جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

فیصل آباد: خوفناک حادثے میں شادی سے واپسی پر ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق

قومی خبریں

فیصل آباد: فیصل آباد کے نواحی علاقے رجانہ روڈ پر پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ہیں۔

یہ المناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ خاندان ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس اپنے گھر جا رہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق گاؤں 66 دھاندرہ کے رہائشی یہ افراد اپنی گاڑی میں سوار تھے کہ 468 گ ب کے قریب ان کی گاڑی ایک ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار تمام افراد جان کی بازی ہار گئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں خاندان کے سربراہ ذوالفقار احمد، ان کے بیٹے کاشف، کاشف کی اہلیہ مصباح اور ان کی 3 بیٹیاں زینب، علیزہ اور مرحا شامل ہیں۔ حادثے میں یاسر کی اہلیہ، ان کے بچے 5 سالہ نور، 4 سالہ احمد، 2 سالہ علی اصغر اور ڈرائیور علی بھی موت کے منہ میں چلے گئے۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی یاسر کی اہلیہ حاملہ تھیں۔ الائیڈ اسپتال میں ڈاکٹرز ان کے پیٹ میں موجود بچے کو بچانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق حادثے کے بعد فوری طبی امداد کے باوجود کسی بھی مسافر کو زندہ نہ بچایا جا سکا۔

اس دلخراش واقعے کی خبر سنتے ہی متاثرہ خاندان کے آبائی گاؤں میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی۔ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد غمزدہ خاندان سے اظہارِ تعزیت کے لیے ان کے گھر کے باہر جمع ہوگئی، جہاں ہر طرف سوگ کا سماں دیکھنے میں آیا۔

حادثے کا شکار ہونے والے 11 افراد کی میتیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ میتیں گھر پہنچنے پر وہاں موجود لواحقین اور اہل محلہ کی چیخ و پکار سے فضا سوگوار ہو گئی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت