جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مولانا فضل الرحمان کو پاکستان اور طالبان میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا: عطا اللہ تارڑ

قومی خبریں

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا احتجاج کوئی غیر معمولی بات نہیں، معمولی ٹریفک جام تو ہوتے رہتے ہیں، تاہم ان کی جماعت کے رہنما بھی انہیں سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن وہ تصادم چاہتے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں یا افغانستان اور طالبان کے ساتھ۔ ان کے بقول مولانا فضل الرحمان ایک عسکری جماعت کی طرح برتاؤ کر رہے ہیں، انہیں ایک قدم پیچھے ہٹ کر معاملات کے حل کے لیے راستے نکالنے چاہئیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ راستے بند نہ کیے جائیں تو معاملات بہتر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مناسب نہیں کہ مشرف کا ایل ایف او منظور کرانے والے مولانا فضل الرحمان آج ایک جمہوری حکومت کے ریفرنڈم کو غلط قرار دے رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین ان دنوں زیادہ غصے کا اظہار کر رہے ہیں، انہیں ریفرنڈم سے خوف زدہ نہیں ہونا چاہیے۔ عوامی رائے سے اتنا خوف کیوں ہے؟

انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں تو انہیں عدالت میں اس حوالے سے قانونی دلائل دینے چاہئیں۔ ان کے بقول بلاول سیاسی دلیل کی جگہ قانونی اور قانونی دلیل کی جگہ سیاسی دلیل دے رہے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے اختلافات ضرور ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ تعلقات ختم ہوگئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں سے متعلق معاملہ پارلیمان میں آیا تو پاکستان تحریک انصاف سے بھی رائے لی جاسکتی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت