جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

حکومت کا آئل کمپنیوں پر 25 ارب کا ونڈ فال ٹیکس لگانے کا فیصلہ

قومی خبریں
حکومت کا آئل کمپنیوں پر 25 ارب کا ونڈ فال ٹیکس لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے سے غیر معمولی منافع کمانے والی آئل کمپنیوں پر 25 ارب روپے کا ونڈ فال ٹیکس دوبارہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ قدم آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

اس معاملے پر ایف بی آر اور پیٹرولیم ڈویژن کے درمیان تاحال اختلافات موجود ہیں۔ حکام اس بات پر متفق نہیں ہو پا رہے کہ ٹیکس کی وصولی کے لیے مالیاتی گوشواروں کی بنیاد جون کے اختتام پر رکھی جائے یا ستمبر کے آخر تک کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس تجویز کو حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی، تاہم کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچا جا سکا۔ ذرائع کے مطابق اگر آئل سیکٹر پر یہ ٹیکس عائد نہ کیا گیا تو حکومت کو محصولات کا ہدف پورا کرنے کے لیے دیگر متبادل اقدامات کرنا پڑیں گے۔

ایف بی آر اس وقت 95 ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کا شکار ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ونڈ فال ٹیکس کے نفاذ کے لیے کسی نئے صدارتی آرڈیننس یا اسمبلی سے قانون سازی کی ضرورت نہیں، کیونکہ پارلیمنٹ پہلے ہی بیوروکریسی کو اس کا اختیار تفویض کر چکی ہے جسے ایس آر او کے ذریعے لاگو کیا جا سکتا ہے۔

ٹیکس حکام کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ 4 بڑی ریفائنریز نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 90 ارب روپے کا منافع کمایا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کمپنیوں نے ٹیکس سے بچنے کے لیے اپریل سے جون کے دوران انوینٹری پر مصنوعی نقصانات ظاہر کیے۔

پیٹرولیم ڈویژن اس موقف سے اختلاف کرتے ہوئے جون تک کے گوشواروں پر اصرار کررہا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اسٹیٹ آئل نے گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں 33.7 ارب روپے کا نقصان ظاہر کیا تھا، جس کی وجہ سے کمپنی قانونی طور پر اس ٹیکس کے دائرہ کار سے باہر ہو گئی تھی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت