پاکستان کا 2035 تک چاند پر اترنے کا ہدف، چین کے ساتھ قمری مشن میں تعاون کا فیصلہ

بیجنگ: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے 2035 تک چاند پر اترنے کا ہدف مقرر کیا ہے اور آئندہ قمری مشن میں چاند کی سطح پر روور بھیجنے کے لیے پُرامید ہے۔ پاکستان چین کے انسان بردار خلائی مشن میں پہلا بین الاقوامی شراکت دار بھی بن گیا ہے، جو دونوں ممالک کے خلائی تعاون میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ کی بلندیوں سے آگے بڑھ کر اب خلا تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستانی خلا نورد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن کے پہلے بین الاقوامی مہمان بن گئے ہیں، جو پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ 2 برس کے دوران تقریباً 5 سیٹلائٹس خلا میں بھیجے ہیں، جبکہ آئندہ قمری مشن میں چاند پر روور بھیجنے کی تیاریوں اور امکانات پر کام جاری ہے، پاکستانی خلا نورد ذیشان علی کے خلائی تجربات سے موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی مشکلات کے خلاف مزاحمت، بیجوں کی تیاری اور جدید صنعتی مواد کی تیاری کے شعبوں میں تحقیق کو فروغ ملے گا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، اس کے ذریعے قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع دینے، موسمیاتی صورتحال کی نگرانی اور ہنگامی حالات میں امدادی سرگرمیوں کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے پاک چین مجوزہ نالج کوریڈور کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت آئندہ 10 برس میں 10 ہزار پی ایچ ڈی اسکالرز کی تربیت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ پاکستان میں جدید تحقیق، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ماہر افرادی قوت تیار کی جاسکے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت کے اڑان پاکستان پروگرام کے تحت 2035 تک ملکی معیشت کا حجم ایک ہزار ارب ڈالر جبکہ 2047 تک 3 ہزار ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ان اہداف کے حصول کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سائنسی تحقیق، تعلیم اور بین الاقوامی تعاون کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت