جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

طلبہ یونین کی بحالی ہمارا جمہوری حق، مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: صاحبزادہ وسیم حیدر

قومی خبریں
طلبہ یونین کی بحالی ہمارا جمہوری حق، مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: صاحبزادہ وسیم حیدر

لاہور: ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ نوجوانوں اور طلبہ پر مزید ظلم برداشت نہیں کریں گے، طلبہ یونین کی بحالی ہمارا جمہوری حق ہے، حکومت مطالبات تسلیم کرے، ہم ڈرنے والے نہیں اور پوری طلبہ قوت کے ساتھ دوبارہ آئیں گے۔

صاحبزادہ وسیم حید نے کہا کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں پُرامن احتجاج اور طلبہ کی منظم جدوجہد جاری رہے گی، حکومت طلبہ کے جمہوری حقوق تسلیم کرے اور انہیں اپنی قیادت خود منتخب کرنے کا حق دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے سامنے تیسرے روز جاری دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اسلامی جمعیت طلبہ نے ملک بھر میں طلبہ یونین پر پابندی کے خلاف یومِ سیاہ منایا۔ اس موقع پر صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ حکومت نے پُرامن دھرنے کے انتظامات درہم برہم کرنے اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی، جبکہ ان کی قیادت میں آنے والے قافلے کو پولیس نے طاقت کے زور پر روکنے کی کوشش کی، جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں۔

صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ایک جمہوری ملک میں اپنی جمہوری آزادی حاصل ہونی چاہیے اور انہیں اپنی قیادت خود منتخب کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ حکومت کو نوجوانوں کے مطالبات پورے کرنا ہوں گے۔ نوجوان اسلامی جمعیت طلبہ کی تحریک کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو اپنے حقوق کے لیے مؤثر آواز اٹھانا ہوگی۔

حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ ہمارے تعلیمی اداروں کو منشیات کے مراکز بنانے اور چھاؤنیوں میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں؟ نوجوانوں کو ان کے بنیادی جمہوری اور تعلیمی حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

دھرنے میں پنجاب بھر سے طلبہ نے شرکت کی اور حکومت کی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ دھرنے سے سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان ابوذر غفاری، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل حسن امین، ناظم پنجاب جنوبی حذیفہ عثمان، ناظم پنجاب شمالی احمد عبداللہ، ناظم لاہور عبداللہ عباس اور ناظم جامعہ پنجاب احسن فرید نے بھی خطاب کیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت