مصر میں پیٹرولیم ٹینکر الٹ گیا، خوفناک آتشزدگی سے 31 افراد جاں بحق، پاکستان کا اظہار افسوس

مصر کے شہر جیزہ کے علاقے الوراق میں رنگ روڈ پر پیٹرولیم مصنوعات سے بھرا ٹینکر الٹنے سے کئی گاڑیوں کو آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے پیٹرولیم مصنوعات سے بھرا ٹینکر الٹنے کے بعد لگنے والی آگ نے متعدد گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ابتدائی اندازے کے مطابق 27 گاڑیاں، جن میں کاریں اور موٹر سائیکلیں شامل ہیں، جل کر تباہ ہوگئیں۔
ریسکیو کارروائیوں کے لیے 39 ایمبولینسیں جائے حادثہ پر روانہ کی گئیں، حکام نے نامعلوم لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے نمونے لینے کا حکم دے دیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ متعدد افراد کو گاڑیوں سے باہر نکلنے کا موقع ہی نہ مل سکا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف کا قاہرہ میں ٹینکر آتشزدگی کے المناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے صدر مصر عبدالفتاح السیسی، جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور مصری عوام سے دلی تعزیت اور اظہار ہمدردی کی گئی۔
انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی اور کہا کہ پاکستان غم کی اس گھڑی میں برادر ملک مصر کے ساتھ کھڑا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت