مکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کا اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا

اسلام آباد: مکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کے اعلیٰ حکام کا اہم اجلاس کل اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں سعودی عرب اور یمن کے حوثی جنگجوؤں کے درمیان جاری کشیدگی سمیت خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
فرانسیسی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اجلاس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کے نمائندے سعودی عرب کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا جائزہ لیں گے۔
وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں مسلسل جاری بدامنی اجلاس کے ایجنڈے کا ایک اہم نکتہ ہوگی اور اس معاملے کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے، اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دفاعی معاہدے کی بنیادی روح یہ ہے کہ سعودی عرب کو لاحق کسی بھی خطرے کو پاکستان اور ترکیے بھی اپنے لیے خطرہ تصور کریں گے، اس حوالے سے تینوں ممالک کا مؤقف بالکل واضح ہے اور مشترکہ دفاعی تعاون اسی اصول کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔
وزیر دفاع نے یمن کے دارالحکومت صنعاء سمیت ملک کے وسیع علاقوں پر قابض حوثی جنگجوؤں کے ساتھ جاری تنازع سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی حکمت عملی کو بھی سراہا، سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام نہ صرف اس ملک بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ مکہ دفاعی معاہدہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس کے تحت مختلف امور کو حتمی شکل دینے کے لیے مسلسل مشاورت اور اجلاسوں کی ضرورت ہے، ابتدائی طور پر تواتر کے ساتھ ملاقاتیں کرنا ضروری ہے تاکہ معاہدے کے تحت طے پانے والے معاملات کو درست سمت میں آگے بڑھایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند ماہ کے دوران معاہدے کے انتظامی اور عملی امور مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی، جس کے بعد اس دفاعی تعاون کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے گا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسرائیل کو بھی خطے کے دیگر ممالک کے لیے ممکنہ خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے کسی نئے تنازع یا جارحیت کے امکانات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اس صورتحال میں خطے کے ممالک کو اپنے اختلافات کم کرکے اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والا یہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، یمن کی صورتحال اور سعودی عرب کی سلامتی سے متعلق خدشات نے علاقائی دفاعی تعاون کی اہمیت بڑھا دی ہے۔ اجلاس میں ہونے والی مشاورت کو مکہ دفاعی معاہدے کے عملی خدوخال طے کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت