نئے صوبوں کے قیام پر پیپلز پارٹی پنجاب اور سندھ کا یکساں مؤقف ہے: بلاول بھٹو

ملتان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی اور انتخابی نظام پر اعتماد کی بحالی کے لیے جمہوری بنیادوں پر اصلاحات ناگزیر ہیں، موجودہ حالات میں نظام کو نئے سرے سے ترتیب دینے کی ضرورت ہے، تاہم یہ عمل آئینی اور جمہوری طریقے سے ہی ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی صوبوں کے معاملے پر پنجاب اور سندھ میں الگ الگ مؤقف نہیں رکھتی اور دونوں صوبائی اسمبلیوں کے فیصلوں کا احترام کرتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب اسمبلی میں جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے حق میں قرارداد منظور کی گئی، جبکہ سندھ اسمبلی صوبے کی تقسیم کے خلاف متعدد مرتبہ قراردادیں مسترد کرچکی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کے مطابق پیپلز پارٹی دونوں صوبائی اسمبلیوں کے فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے اور پنجاب کو 4 حصوں میں تقسیم کرنے کے وہ کبھی حامی نہیں رہے۔
ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ سندھ میں احتجاج کرنے والے انہیں وفاق پرست قرار دیتے ہیں، جبکہ اسلام آباد میں انہیں قوم پرست کہا جاتا ہے، تاہم ان کی اصل شناخت پاکستان پرستی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ان کی حالیہ پریس کانفرنس کے بعد نامناسب ردعمل سامنے آیا، حالانکہ انہوں نے نہ کسی پر 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کا الزام لگایا اور نہ کسی کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی، بلکہ صرف اپنا مؤقف پیش کیا تھا۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ان کی آواز دبائی جاسکتی ہے تو ایسا ممکن نہیں ہوگا۔
کراچی کی صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہر کو ماضی میں جن حالات کا سامنا کرنا پڑا، لاہور نے ایسے حالات نہیں دیکھے۔ کراچی میں امن کی بحالی کے لیے طویل عرصہ لگا۔ ان کے بقول سندھ کی سیاست میں پیپلز پارٹی کا راستہ روکنے کے لیے نفرت کو فروغ دیا گیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا مقصد کسی کو خبردار کرنا نہیں تھا بلکہ ممکنہ خطرات سے آگاہ کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں کی جانب سے احتجاج کے اعلان کے روز ہی متحدہ قومی موومنٹ نے جلسہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا، جبکہ اب ایک اور جلسے کے لیے سندھ کے ثقافتی دن کا انتخاب کیا جارہا ہے۔ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دانستہ طور پر صوبے میں امن و امان کی صورت حال خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ملک میں جاری سیاسی صورت حال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے نظام کی ازسرنو تشکیل ضروری ہے، تاہم یہ تبدیلی جمہوری طریقے سے آنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی جماعتوں سمیت تمام فریقین کا انتخابی نظام پر اعتماد بحال نہیں ہوگا تو انتخابات اور ریفرنڈم مسلسل تنازعات کا شکار رہیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے زور دیا کہ انتخابی عمل پر اٹھنے والے اعتراضات دور کرنے کے لیے تمام جماعتوں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ ان کے مطابق یہ غیر معمولی صورت حال ہے کہ انتخابی نتائج پر صرف حزب اختلاف ہی نہیں بلکہ حکومتی جماعتیں بھی اعتراضات کررہی ہیں اور دونوں جانب سے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کو بھی مالیاتی امور سے متعلق قائمہ کمیٹی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جاسکے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ملک کو معاشی مشکلات کا مزید سامنا کرنا پڑسکتا ہے، اس لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ اگر سیاسی قیادت واقعی چاہتی ہے کہ نظام عوام کی خدمت کرسکے تو اسے موجودہ حالات کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانا ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری کے مطابق پارلیمان کو مؤثر اور بااختیار بنانے کے لیے ضروری ہے کہ قومی نوعیت کے تمام فیصلے ایوان کے اندر کیے جائیں، کیونکہ پارلیمان سے باہر ہونے والے فیصلوں کو حتمی حیثیت حاصل نہیں ہوسکتی۔
عدالتی نظام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ ججز بھی عدالتی ڈھانچے سے مطمئن دکھائی نہیں دیتے۔ انہوں نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں پاکستان تحریک انصاف کو یہ نشستیں ملنی چاہئیں تھیں۔
27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اپنے سابقہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے ترمیم کی منظوری کے لیے استعمال ہونے والی اکثریت سے متعلق جو الفاظ کہے تھے، انہیں متنازع بنانے کی کوشش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم پارلیمان میں دو تہائی اکثریت سے منظور ہوئی تھی اور اس پر حزب اختلاف کو اعتماد نہیں تھا، تاہم اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ منظور شدہ ترمیم کو ختم کردیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی آئینی ترمیم کی اصل طاقت وسیع سیاسی اتفاق رائے میں ہوتی ہے اور جتنی زیادہ جماعتیں کسی ترمیم کی حمایت کریں گی، اس کی اہمیت اور آئینی قوت بھی اتنی ہی زیادہ ہوگی۔ ان کے مطابق بہتر یہی ہے کہ اہم آئینی معاملات پر زیادہ سے زیادہ اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ملک میں نظام کی ازسرنو تشکیل کی بحث انہوں نے شروع نہیں کی، بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ نظام کس وجہ سے مفلوج ہوا اور اس کے پیچھے کون سے عوامل کارفرما تھے۔ یہ بھی طے کرنا ہوگا کہ نظام خودبخود ناکام ہوا یا سیاسی جماعتوں اور دیگر عوامل نے اسے اس مقام تک پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک نظام کی ناکامی کی بنیادی وجوہات سامنے نہیں لائی جائیں گی، اس کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات ممکن نہیں ہوں گے۔
انہوں نے 1973 کے آئین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ آئین خودبخود غیر مؤثر نہیں ہوا بلکہ اسے اس نہج تک پہنچایا گیا۔ ان کے مطابق ملک کے موجودہ مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے پہلے ان وجوہات کا تعین ضروری ہے جنہوں نے ریاستی اور سیاسی نظام کو کمزور کیا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت