جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

فرائض میں غفلت پر محکمہ صحت پنجاب کا ایکشن، جناح اسپتال کے 3 ڈاکٹر عہدوں سے فارغ

قومی خبریں
فرائض میں غفلت پر محکمہ صحت پنجاب کا ایکشن، جناح اسپتال کے 3 ڈاکٹر عہدوں سے فارغ

لاہور:پنجاب کے محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے فرائض میں غفلت اور نااہلی کے الزامات پر جناح اسپتال لاہور کے 3 ڈاکٹروں کو فوری طور پر معطل کردیا ہے جبکہ اسپتال کے مزید 3 ڈاکٹروں کے تبادلوں کے احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں۔ معطل ہونے والے ڈاکٹروں کو فرائض سے سبکدوش ہوکر محکمہ صحت میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق معطل کیے جانے والے ڈاکٹروں میں گریڈ 18 کی سینئر میڈیکل افسر ڈاکٹر رحمہ طارق، گریڈ 18 کے سینئر میڈیکل افسر ڈاکٹر کاشف بشیر اور گریڈ 17 کی ویمن میڈیکل افسر ڈاکٹر مشکوٰۃ شوکت شامل ہیں۔

محکمہ صحت کے جاری کردہ آرڈر میں ان ڈاکٹروں کی معطلی کی وجہ فرائض میں غفلت اور نااہلی بتائی گئی ہےجبکہ کارروائی پیکا ایکٹ کے تحت کرنے کا ذکر کیا گیا ہے۔ تینوں ڈاکٹروں کو فوری طور پر اپنے موجودہ عہدوں سے الگ ہونے اور محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ صحت نے جناح اسپتال لاہور میں تعینات مزید 3 ڈاکٹروں کے تبادلوں کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ ان میں گریڈ 20 کے پرنسپل میڈیکل افسر ڈاکٹر مامون اکبر قریشی شامل ہیں، جنہیں جناح اسپتال لاہور سے گورنمنٹ سردار بیگم ٹیچنگ اسپتال سیالکوٹ منتقل کردیا گیا ہے۔

اسی طرح سینئر میڈیکل افسر ڈاکٹر ظہور احمد کا تبادلہ جناح اسپتال لاہور سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ اسپتال نارووال کردیا گیا ہے جبکہ میڈیکل افسر ڈاکٹر محمد فواد سعید کو جناح اسپتال لاہور سے علامہ اقبال ٹیچنگ اسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق تینوں ڈاکٹروں کے تبادلے انتظامی بنیادوں پر خالی آسامیوں کے پیش نظر کیے گئے ہیں اور ان احکامات پر فوری عمل درآمد ہوگا۔

محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی اس کارروائی کے نتیجے میں جناح اسپتال لاہور کے 6 ڈاکٹروں کے حوالے سے انتظامی فیصلے سامنے آئے ہیں، جن میں 3 کی معطلی اور 3 کے تبادلے شامل ہیں،جاری کردہ تفصیلات میں معطلی کے اسباب کی مزید وضاحت، غفلت کی نوعیت یا کسی انکوائری کے نتائج کی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت