پاکستانی آئی ٹی کمپنی کا کینیا کی فلاحی تنظیم سے ڈیجیٹلائزیشن کا معاہدہ

کراچی: پاکستان کی آئی ٹی کمپنی ہیکسالائز نے کینیا میں کام کرنے والی ایک نمایاں اسلامی فلاحی تنظیم اسٹار آف ہوپس ایسوسی ایشن کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
پاکستانی کمپنی بیکسالائز کینیا کی فلاحی تنظیم کو جدید ٹیکنالوجی کے زریعے ڈیجیٹلائزشن کرنے میں معاونت فراہم کرے گی۔
اس مفاہمتی یادداشت پر ہیکسالائز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سعد شاہ اور اسٹار آف ہوپس ایسوسی ایشن کینیا کے چیئرمین ڈاکٹر ہارون سعید نے دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت ہیکسالائز اس ایسوسی ایشن کے زیرِ انتظام کام کرنے والے مختلف اداروں بشمول ہسپتالوں، جامعات، تعلیمی اداروں اور فلاحی تنظیموں کو آئی ٹی خدمات اور ڈیجیٹل حل فراہم کرے گی۔ اس اشتراکِ عمل کا مقصد جدید ٹیکنالوجی سسٹمز اور اختراعی ڈیجیٹل حل کے نفاذ کے ذریعے ان اداروں کے نظامِ کار کو جدید بنانا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعد شاہ نے کہا کہ پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں جدید ٹیکنالوجی کے زریعے عالمی منڈیوں میں تیزی سے اپنی جگہ بنا رہی ہیں، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ مضبوط ہو رہی ہے اور ملک کی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ڈاکٹر ہارون سعید نے کہا کہ ہیکسالائز اپنے تجربے، مہارت اور لگن کے ساتھ جدت متعارف کرائے گی اور ہمارے روزمرہ کے امور کو بہتر بنائے گی۔ یہ شراکت داری ہمیں اپنی خدمات کو مزید بہتر بنانے اور اعلیٰ اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے انسانیت کی زیادہ مؤثر طریقے سے خدمت کرنے کے قابل بنائے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت