جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سیلفی کا بہانہ، 2 ڈاکو اماراتی کاروباری خاتون کا کروڑوں روپے کا سامان لے اڑے

قومی خبریں
سیلفی کا بہانہ، 2 ڈاکو اماراتی کاروباری خاتون کا کروڑوں روپے کا سامان لے اڑے

لندن : برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں متحدہ عرب امارات کی معروف کاروباری خاتون ڈاکٹر سعاد لطفی ڈکیتی کی واردات کا نشانہ بن گئیں، جہاں 2 ملزمان نے انتہائی مہارت سے صرف 10 سیکنڈ میں قیمتی اشیا سے بھرا ان کا بیگ چوری کرلیا۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں ملزمان کو واردات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج کے مطابق ایک ملزم نے سیلفی لینے کے بہانے ڈاکٹر سعاد لطفی کو باتوں میں الجھایا اور ان کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی جبکہ اس دوران دوسرا ملزم موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کا قیمتی بیگ لے کر فرار ہوگیا۔

بیگ میں مہنگے ترین عالمی برانڈز کے ہینڈ بیگز اور زیورات موجود تھے، جن میں ہرمیس کے قیمتی ہینڈ بیگز، کارٹئیر اور وان کلیف کے زیورات شامل ہیں۔ چوری ہونے والی اشیا میں کارٹئیر کی قیمتی پینتھر گھڑی بھی شامل ہے، جس کی مالیت بھی خاصی زیادہ بتائی جاتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق چوری ہونے والے تمام سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 10 لاکھ امریکی ڈالر ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 27 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد واردات کے طریقہ کار پر توجہ مرکوز ہوگئی ہے کیونکہ ملزمان نے انتہائی مختصر وقت میں منصوبہ بندی کے تحت خاتون کو دھوکا دے کر قیمتی سامان لوٹ لیا۔

لندن میں پیش آنے والی اس واردات نے قیمتی اشیا رکھنے والے افراد کی سکیورٹی اور عوامی مقامات پر وارداتوں کے خدشات کو ایک بار پھر اجاگر کردیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت