اسرائیل امریکا کو ایران کے خلاف جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے، عباس عراقچی

تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے کیمیائی ہتھیاروں کے بے بنیاد دعوے کر کے امریکا کو ایک نئی جنگ میں دھکیلنے کی خطرناک اور مذموم سازشیں کر رہا ہے۔
عباس عراقچی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اسرائیل کا مقصد امریکا کو براہ راست ایران کے خلاف تصادم میں الجھانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل یہ چاہتا ہے کہ امریکا اس کے ذاتی مفادات کے تحفظ کے لیے خطے میں ایک اور تباہ کن جنگ کا حصہ بنے۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے حال ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ ایران کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری میں مصروف ہے اور وہ ان ہتھیاروں کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ دھمکی بھی دی کہ ایران کو روکنے کے لیے اسرائیل ہر حد تک جا سکتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اسرائیلی الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے دوا ساز کارخانوں کو کیمیائی ہتھیاروں کا مرکز قرار دینا جھوٹ کا پلندہ ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یاد رہے کہ ایران مسلسل ان الزامات کی تردید کر رہا ہے۔ عباس عراقچی نے گزشتہ ہفتے بھی اپنے ایک بیان میں اس بات پر زور دیا تھا کہ کیمیائی ہتھیاروں کی منصوبہ بندی کے حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ ایران ان الزامات کو سیاسی مقاصد کا نتیجہ قرار دیتا ہے۔
واضح رہے کہ اس کشیدہ صورتحال کے باوجود سفارتی حلقوں میں یہ بحث جاری ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ ایران کا موقف ہے کہ اسرائیل کا یہ پروپیگنڈا محض خطے کے ممالک کو آپس میں لڑانے اور عالمی طاقتوں کو گمراہ کرنے کی ایک سوچی سمجھی مہم ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت