سندھ ای اسپورٹس چیمپئن شپ 2026 کا کامیاب اختتام، 30 لاکھ کے انعامات تقسیم

سندھ حکومت کے زیر اہتمام منعقدہ سب سے بڑی ای اسپورٹس چیمپئن شپ 2026 اپنے اختتام کو پہنچ گئی ہے جس میں 30 لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔
اس ایونٹ کے فائنل راؤنڈز میں 32 پروفیشنل ٹیموں اور 5 ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔
اختتامی تقریب میں وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش خان مہر اور سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کرکے جیتنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ اس چیمپئن شپ کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو اپنی ڈیجیٹل صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک عالمی معیار کا پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ صوبائی حکومت آئندہ سال اس سے بھی بڑے پیمانے پر انٹرنیشنل ای اسپورٹس چیمپئن شپ منعقد کرے گی۔
تقریب میں ڈائریکٹر کھیل ڈاکٹر اسد اسحاق، ڈائریکٹر سید حبیب اللہ اور ایس او علی ڈنو گوپانگ سمیت محکمہ کھیل کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اس چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد نے سندھ میں ای اسپورٹس کے مستقبل کے لیے نئی راہیں ہموار کر دی ہیں اور نوجوانوں میں گیمنگ کے رجحان کو فروغ دیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت