ورلڈ کپ اسنوکر: تین پاکستانی کھلاڑی سیمی فائنل میں پہنچ گئے
مسقط: اومان کے دارالحکومت مسقط میں جاری عالمی اسنوکر کپ کے مینز سنگلز مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل کی چار میں سے تین نشستیں حاصل کرلیں۔
پاکستان کے محمد آصف، رانا عرفان اور اسجد اقبال نے اپنے اپنے کوارٹر فائنل جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، جبکہ مبشر رضا کو ہم وطن رانا عرفان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
محمد آصف نے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے ہاروے چینڈلر کو 1-4 سے ہرایا۔ پاکستانی کیوئسٹ نے ابتدائی تین فریمز جیت کر 0-3 کی برتری حاصل کی، تاہم انگلش کھلاڑی نے چوتھے فریم میں 99 کی بریک کھیل کر مقابلے میں واپسی کی کوشش کی۔ محمد آصف نے پانچواں فریم جیت کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
محمد آصف کی کامیابی کا فریم اسکور 95-0، 58-1، 71-57، 11-99 اور 64-0 رہا۔
پاکستانی کھلاڑیوں کے درمیان کھیلے گئے دوسرے کوارٹر فائنل میں رانا عرفان نے مبشر رضا کو 1-4 سے شکست دی۔
مبشر رضا نے پہلے فریم میں 66 کی بریک کے ساتھ کامیابی حاصل کی، تاہم رانا عرفان نے مسلسل چار فریمز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ انہوں نے تیسرے فریم میں 105 کی سنچری بریک اور پانچویں فریم میں 77 کی بریک بھی کھیلی۔
رانا عرفان کی کامیابی کا فریم اسکور 28-82، 70-24، 105-0، 76-1 اور 77-0 رہا۔
ایک اور کوارٹر فائنل میں اسجد اقبال نے ایران کے عامر سرکوش کو دو فریمز کے خسارے سے شاندار واپسی کرتے ہوئے 2-4 سے شکست دے دی۔
ابتدائی دو فریمز ہارنے کے بعد اسجد اقبال نے مسلسل چار فریمز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ انہوں نے آخری دو فریمز میں بالترتیب 83 اور 88 کی بریکس بھی کھیلیں۔
اسجد اقبال کی کامیابی کا فریم اسکور 52-56، 4-90، 57-46، 68-54، 98-44 اور 88-0 رہا۔
تین پاکستانی کھلاڑیوں کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد عالمی کپ کے فائنل میں پاکستان کی نمائندگی یقینی ہوگئی ہے، جبکہ فائنل میں دونوں جانب پاکستانی کھلاڑیوں کے مدمقابل آنے کا امکان بھی موجود ہے۔
عالمی اسنوکر کپ کے مینز سنگلز ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت