بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سابق گورنر سندھ محمد زبیر کے نام ٹیکنالوجی پارک کے 6,999 شیئرز کی منتقلی چیلنج

قومی خبریں
سابق گورنر سندھ محمد زبیر کے نام ٹیکنالوجی پارک کے 6,999 شیئرز کی منتقلی چیلنج

کراچی کی شاہراہ فیصل پر واقع ٹیکنالوجی پارک کی جڑواں عمارتوں کی مالک کمپنی آف اسپیس پرائیویٹ لمیٹڈ کے شیئرز کی ملکیت کا تنازع ایک بار پھر سندھ ہائی کورٹ پہنچ گیا، جہاں سابق گورنر سندھ محمد زبیر کے نام 6,999 شیئرز کی منتقلی کو چیلنج کر دیا گیا ہے۔ یہ حصص کمپنی کے تقریباً 28 فیصد بنتے ہیں۔ درخواست گزار خاندان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حصص کی منتقلی قانونی تقاضوں کے برخلاف کی گئی، جس کے ذریعے کمپنی کی ملکیت اور انتظامی کنٹرول تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔

سندھ ہائی کورٹ کے کمپنیز بینچ میں جوڈیشل کمپنیز مسلینیئس نمبر 31/2025 کے تحت نیلوفر شاہ اور رضا شاہ نے کمپنیز ایکٹ 2017 کی دفعہ 126 کے تحت درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں کمپنی کے رجسٹر آف ممبرز کی درستگی، غیر قانونی شیئر ٹرانسفر کو کالعدم قرار دینے اور دیگر متعلقہ احکامات جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ عدالتی ریکارڈ میں جواب دہندہ نمبر 3 محمد زبیر ولد غلام عمر ہیں، جن کی شناخت فریقین نے سابق گورنر سندھ محمد زبیر کے طور پر کی ہے۔

درخواست گزار خاندان کے مطابق پاکستانی نژاد امریکی شہری سید نذیر حسین شاہ نے اس منصوبے میں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کی تھی اور ان کا خاندان 2007 سے کمپنی کی ملکیت اور انتظامی معاملات کے حوالے سے اپنے حقوق کے حصول کے لیے قانونی جنگ لڑ رہا ہے، نذیر حسین شاہ تقریباً ایک سال قبل اپنے حقوق کے حصول کی یہ قانونی جدوجہد جاری رہنے کے دوران انتقال کر گئے تھے۔

درخواست گزاروں کا دعویٰ ہے کہ وہ کمپنی میں مجموعی طور پر 44 فیصد حصص کے مالک ہیں، 6,999 شیئرز محمد زبیر کے نام منتقل کرکے کمپنی کی ملکیت اور انتظامی کنٹرول میں تبدیلی کی کوشش کی گئی۔ درخواست میں 6,499 شیئرز ساجدہ نعیم سے اور مزید 500 شیئرز شیر اسفندیار خان سے محمد زبیر کے نام منتقل کیے جانے کو چیلنج کیا گیا ہے۔

درخواست گزاروں کے مطابق 2007 سے کمپنی کے شیئر ہولڈرز کے درمیان ملکیت اور انتظامی امور پر تنازعات جاری ہیں، لیکن متنازع حصص کی منتقلی کو طویل عرصے تک سامنے نہیں لایا گیا، 12 مئی 2025 کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں جمع کرائے گئے فارم 3 کے ذریعے انہیں اس منتقلی کا علم ہوا۔ درخواست گزاروں نے 15 اگست 2007 کی شیئر ٹرانسفر ڈیڈز اور 12 مئی 2025 کو جمع کرائے گئے فارم 3 کی قانونی حیثیت کو بھی چیلنج کیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق آف اسپیس پرائیویٹ لمیٹڈ کا قیام 1997 میں عمل میں آیا تھا۔ کمپنی کا بنیادی مقصد شاہراہ فیصل پر پلاٹ نمبر ایس ٹی 8 میں کمرشل عمارتیں تعمیر کرنا تھا، جن میں ٹیکنالوجی پارک کے ٹاور ون اور ٹاور ٹو شامل ہیں۔ یہ عمارتیں اعلیٰ معیار کے دفتری مقامات کے طور پر کرایے پر دینے یا فروخت کرنے کے لیے تیار کی گئی تھیں۔

درخواست کے مطابق کمپنی کی آمدنی کا بنیادی ذریعہ ان عمارتوں میں قائم کمرشل دفاتر سے حاصل ہونے والا کرایہ اور فروخت کی آمدنی ہے۔ اس لیے شیئرز کی ملکیت کا تنازع محض حصص کی منتقلی تک محدود نہیں بلکہ کمپنی کے مالیاتی معاملات، انتظامی اختیارات اور عمارتوں سے حاصل ہونے والی آمدنی پر کنٹرول سے بھی جڑا ہوا ہے۔

دستاویزات میں 1998 کے ایک شیئر ہولڈرز معاہدے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے، جس کی قانونی حیثیت کو خان گروپ مسلسل چیلنج کرتا رہا ہے۔ اس معاہدے میں زبیر احمد، چیف فنانشل آفیسر آئی بی ایم، کو آئی بی ایم کے ساتھ کرایہ داری معاہدے میں سہولت کاری اور کمپنی کے اکاؤنٹس کی نگرانی کے عوض 5 فیصد حصص کا حقدار قرار دیا گیا تھا۔ اس وقت آئی بی ایم ٹیکنالوجی پارک ٹاور میں کرایہ دار تھی۔

محمد زبیر نجکاری کمیشن کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں، جبکہ انہوں نے 2 فروری 2017 سے 3 اگست 2018 تک گورنر سندھ کے عہدے پر خدمات انجام دیں۔ درخواست گزار فریق نے الزام عائد کیا ہے کہ محمد زبیر نے اس معاملے میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کیا، دستیاب عدالتی ریکارڈ میں اس الزام کے حق میں کوئی دستاویزی ثبوت سامنے نہیں آیا۔ درخواست گزاروں نے یہ بھی اعتراض اٹھایا ہے کہ شیئرز کی خریداری کی ادائیگی اور ان حصص کو اثاثوں میں ظاہر کرنے سے متعلق کوئی بینک یا مالیاتی ریکارڈ جواب کے ساتھ منسلک نہیں کیا گیا۔

درخواست گزار فریق کا کہنا ہے کہ انہوں نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور وفاقی تحقیقاتی ادارے سمیت متعدد متعلقہ اداروں کو تحریری شکایات بھی ارسال کیں، لیکن ان پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوئی۔ عدالتی ریکارڈ میں 5 جون 2025 کو ایس ای سی پی کو بھیجا گیا ایک اعتراضی خط بھی شامل ہے۔

اس معاملے پر محمد زبیر کو سوالات بھیجے گئے، تاہم انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ شیر اسفندیار خان اور آف اسپیس انتظامیہ سے بھی مؤقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا۔ تحقیقات ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے شیر اسفندیار خان نے دعویٰ کیا کہ وہ خود 20 سال سے ایف ایم 107 کے مالک ہیں اور پاکستان میں اس نوعیت کے جھوٹے مقدمات ہوتے رہتے ہیں۔ انہوں نے معاملے کو اپنا ذاتی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ سے ان کے حق میں فیصلہ آ چکا ہے۔

ان سے جب یہ سوال کیا گیا کہ انہوں نے اپنے حصص سابق گورنر سندھ محمد زبیر کو منتقل کیے ہیں اور ایف ایم 107 کے اصل مالک بھی محمد زبیر ہیں تو انہوں نے مزید جواب دینے کے بجائے رابطہ منقطع کر دیا۔

دوسری جانب جواب دہندگان نے درخواست گزاروں کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 6,999 شیئرز کی منتقلی کوئی نئی کارروائی نہیں بلکہ 2007 میں مکمل ہونے والا معاملہ ہے،30 جولائی 2007 کو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مجوزہ منتقلی کی منظوری دی تھی جبکہ 15 اگست 2007 کو شیئر ٹرانسفر ڈیڈز کی بھی منظوری دی گئی تھی، 6,499 شیئرز ساجدہ نعیم اور 500 شیئرز شیر اسفندیار خان کی جانب سے منتقل کیے گئے تھے۔

جواب دہندگان کے مطابق 2007 میں سندھ ہائی کورٹ کے عبوری حکم کے باعث محمد زبیر کا نام فوری طور پر کمپنی کے رجسٹر آف ممبرز میں درج نہیں کیا جا سکا اور منتقلی کا معاملہ روک دیا گیا تھا،سپریم کورٹ کے 8 مئی 2025 کے فیصلے کے بعد 12 مئی 2025 کو ایس ای سی پی میں فارم 3 جمع کرا کے حصص کی منتقلی سے متعلق اطلاع دی گئی۔ جواب دہندگان نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ فی شیئر 7 ہزار روپے کے حساب سے ادائیگی کی گئی تھی اور متعلقہ شیئر ہولڈرز کو خریداری کی پیشکش بھی کی گئی تھی، درخواست گزاروں کو منتقلی کا پہلے سے علم تھا اور اس سے ان کی 44 فیصد شیئر ہولڈنگ بھی متاثر نہیں ہوئی۔

درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ وہ 2007 میں کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا حصہ تھے، اس کے باوجود انہیں ٹرانسفر ڈیڈز کے بارے میں کبھی آگاہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی یہ دستاویزات سابقہ عدالتی کارروائیوں میں پیش کی گئیں۔

واضح رہے کہ 2007 سے جاری اس تنازع میں سندھ ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے 2012 اور ڈویژن بینچ نے 2019 میں شاہ خاندان کے حق میں فیصلے دیے تھے۔ تاہم سپریم کورٹ نے 8 مئی 2025 کو دونوں فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے فریقین کو سول عدالتوں سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔ شاہ خاندان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔

جولائی 2025 میں سندھ ہائی کورٹ نے موجودہ درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کیے اور عبوری حکم کے ذریعے محمد زبیر کو اگلی سماعت تک شیئر ٹرانسفر کی بنیاد پر حاصل اختیارات استعمال کرنے سے روک دیا تھا،یہ حکم عبوری نوعیت کا تھا اور اسے حصص کی منتقلی غیر قانونی قرار دینے کا حتمی عدالتی فیصلہ نہیں سمجھا جا سکتا۔

مقدمے میں اب بنیادی قانونی سوال یہ ہے کہ آیا 2007 میں منظور کی گئی حصص کی منتقلی تمام قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل ہوئی تھی یا اس کے اندراج اور رجسٹریشن کے عمل میں قانونی نقائص موجود ہیں۔ عدالت کو کمپنی کے رجسٹر آف ممبرز، بورڈ اجلاسوں کی کارروائی، شیئر ٹرانسفر ڈیڈز، ادائیگیوں کے ثبوت اور ایس ای سی پی میں جمع کرائے گئے فارم 3 کا تقابلی جائزہ لینا ہوگا۔

اس کے علاوہ یہ معاملہ بھی زیر غور آئے گا کہ آیا موجودہ شیئر ہولڈرز کو حصص کی خریداری کا مناسب موقع دیا گیا اور کمپنی کے آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن کے تحت ان کے حقِ ترجیح کو ملحوظ رکھا گیا تھا یا نہیں۔ مقدمے کا حتمی فیصلہ ان دستاویزات اور فریقین کے قانونی مؤقف کے جائزے کے بعد ہی سامنے آ سکے گا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت