بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

شہباز شریف نے محسن نقوی کے خلاف بیان بازی سے روک دیا، رانا ثنا اللہ

قومی خبریں
شہباز شریف نے محسن نقوی کے خلاف بیان بازی سے روک دیا، رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں وزیر داخلہ محسن نقوی کے خلاف بات نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ان کے مطابق انہوں نے وزیراعظم کو وضاحت دی کہ محسن نقوی سے ان کا کوئی ذاتی تنازع نہیں اور دونوں کے درمیان 20 سے 22 سال پرانا تعلق ہے۔

پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نئے صوبے ریفرنڈم کے ذریعے نہیں بلکہ آئین میں طے شدہ طریقہ کار کے تحت ہی بنائے جاسکتے ہیں۔ اس پر تحریک انصاف کے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ خوشی ہے رانا صاحب نے تسلیم کرلیا کہ ریفرنڈم سے نئے صوبے قائم نہیں ہوسکتے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے نام لیے بغیر ایک وزیر پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ جس دن انہوں نے اس وزیر کے خلاف بات کی تو وہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا۔

اس بیان کے ردعمل میں رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ انہوں نے کبھی محسن نقوی کی ذات پر تبصرہ کیا ہے اور نہ آئندہ کریں گے، کیونکہ ان کے خیال میں محسن نقوی کی شخصیت پر تبصرے کی ضرورت نہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت