فنڈز اور انتظامی مسائل: پاکستان کی میزبانی میں ہونیوالے ساؤتھ ایشین گیمز چھٹی بار ملتوی

اسلام آباد: پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے 14 ویں ساؤتھ ایشین گیمز کو ایک بار پھر ملتوی کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ان مقابلوں کے انعقاد کی تاریخ تبدیل کر کے نومبر 2027 کر دی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ اہم بین الاقوامی ایونٹ اب تک مجموعی طور پر 6 مرتبہ ملتوی ہو چکا ہے۔
ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان کھیلوں کا انعقاد ابتدائی طور پر 2021 میں کیا جانا تھا، مگر انتظامی تاخیر، فنڈز کی عدم دستیابی اور کووڈ-19 کے عالمی اثرات کے باعث ایونٹ وقت پر نہ ہو سکا۔ اس کے علاوہ علاقائی کھیلوں کے مصروف کیلنڈر نے بھی اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہونے والے ان مقابلوں میں اسلام آباد، لاہور اور پشاور کے شہروں کو میزبان شہروں کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔ ان مقابلوں کے دوران مردوں کے 28 اور خواتین کے 25 مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں 346 طلائی تمغوں کے مقابلے تھے۔
ان گیمز میں خطے کے تمام رکن ممالک کے 4200 سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے۔ کھیلوں کے میدانوں میں رونقیں بحال کرنے کے لیے ایتھلیٹس کو ان مقابلوں کا بے صبری سے انتظار ہے، تاہم بار بار ہونے والی تاخیر سے کھلاڑیوں کی تیاریوں اور حوصلوں پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید نے اپنے حالیہ بیانات میں کہا کہ پاکستان ان مقابلوں کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور حکومت کی جانب سے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے بھرپور تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ گیمز کے لیے فنڈز بھی منظور ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ ساؤتھ ایشین گیمز خطے کے ممالک کے مابین کھیلوں کے فروغ اور دوستی کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ سمجھے جاتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ نومبر 2027 تک تمام تر انتظامی اور مالی رکاوٹوں کو دور کر کے ان مقابلوں کو ایک کامیاب ایونٹ بنایا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت