ڈونلڈ ٹرمپ نیٹو کے سیکریٹری جنرل سے بدھ کو اہم ملاقات کریں گے: وائٹ ہاؤس
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے کے درمیان بدھ کو اہم ملاقات طے پاگئی ہے، جس میں دفاعی اخراجات، روس یوکرین جنگ اور یورپی اتحادیوں کے ساتھ واشنگٹن کے تعلقات سمیت نیٹو کے مستقبل پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر پام بیچ میں ہوگی۔ یہ بیٹھک ایسے وقت میں ہونے جارہی ہے جب یورپ اور امریکا کے درمیان دفاعی معاملات اور یوکرین جنگ کے مستقبل سے متعلق مختلف امور پر مشاورت جاری ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کی نیٹو سربراہ سے ملاقات سے قبل گزشتہ ہفتے ایشیا میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ بھی اہم ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ ایسے میں مارک روٹے کے ساتھ ہونے والی گفتگو کو عالمی سیاسی اور دفاعی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔
ملاقات کے دوران نیٹو اتحاد کی آئندہ حکمت عملی، رکن ممالک کے دفاعی بجٹ میں اضافے اور روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں پر بات چیت کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ یورپی ممالک کے ساتھ امریکا کے تعلقات اور دفاعی ذمہ داریوں کی تقسیم بھی زیر بحث آسکتی ہے۔
دوسری جانب یورپی ممالک کا مطالبہ ہے کہ یوکرین جنگ ختم کرنے کے لیے امریکا کی سربراہی میں ہونے والے مذاکرات میں انہیں بھی شریک کیا جائے، تاکہ جنگ کے مستقبل اور ممکنہ امن معاہدے سے متعلق فیصلوں میں یورپی اتحادیوں کا مؤقف بھی شامل ہوسکے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں نیٹو کے رکن ممالک کو دفاعی اخراجات میں مطلوبہ حصہ ادا نہ کرنے اور امریکی حمایت پر انحصار کرنے کے معاملے پر تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔ اس کے برعکس مارک روٹے امریکا اور یورپی اتحادیوں کے درمیان اختلافات کم کرنے اور اتحاد کے اندر باہمی تعاون برقرار رکھنے کے لیے مسلسل کوششیں کرتے رہے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت