منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

رات کے اندھیرے میں بینائی متاثر کرنے والی پراسرار بیماری کا انکشاف

قومی خبریں

فلاڈیلفیا: بین الاقوامی ماہرین نے آنکھوں کی ایک ایسی نئی جینیاتی بیماری دریافت کی ہے جو انسان کی رات کے وقت دیکھنے کی صلاحیت کو بری طرح متاثر کرتی ہے۔

اس بیماری کی بروقت تشخیص انتہائی مشکل ہے کیونکہ مریض کی بینائی طویل عرصے تک نارمل رہتی ہے۔

طبی تحقیق کے مطابق یہ بیماری عمر بڑھنے کے ساتھ ہی اپنی علامات ظاہر کرنا شروع کرتی ہے۔ اس سے متاثرہ افراد کے لیے نظر کے دائرے کے کناروں یعنی پیریفیرل ویژن کے ذریعے اشیاء کو دیکھنا ناممکن ہو جاتا ہے جو کہ روزمرہ زندگی کے لیے بہت اہم ہے۔

سائنسدانوں نے اس تکلیف کا تعلق ایک مخصوص جینیاتی تبدیلی سے جوڑا ہے جو پہلے بھی بینائی کے مسائل پیدا کرنے میں ملوث رہی ہے۔

تحقیق بتاتی ہے کہ یہ بیماری ماضی میں معلوم ہونے والی دیگر جینیاتی بیماریوں سے مختلف انداز میں انسانی آنکھ کو متاثر کرتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس بیماری کا ذمہ دار ای ایف ای ایم پی ون جین میں موجود ایک خاص تبدیلی ہے جسے پی ڈاٹ آرگ 140 ٹرپ کا نام دیا گیا ہے۔

اس جینیاتی تغیر کے باعث آنکھ کے خلیوں کے درمیان غیر ضروری مادے جمع ہونے لگتے ہیں جو بینائی کو کمزور کرتے ہیں۔

اگرچہ اس بیماری کو تاحال حتمی نام نہیں دیا گیا مگر محققین اسے ایل او آر ڈی پکار رہے ہیں۔ یہ دریافت مستقبل میں بینائی کے دیگر جینیاتی امراض کو سمجھنے اور ان کے بروقت علاج کے لیے طبی میدان میں ایک بہت بڑی اور اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔

طبی ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ اس تحقیق سے اب ڈاکٹروں کو ان مریضوں کی تشخیص میں مدد ملے گی جن کی بینائی بغیر کسی واضح وجہ کے کم ہو رہی تھی۔ اس جینیاتی پہلو کو جاننے کے بعد ڈاکٹر مریضوں کے لیے زیادہ بہتر اور موثر طبی لائحہ عمل مرتب کر سکیں گے۔

اس نئی تحقیق نے آنکھوں کی صحت کے شعبے میں تحقیق کے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔ اب امید کی جا رہی ہے کہ جینیاتی سطح پر ہونے والی اس دریافت سے بینائی سے محروم ہونے والے بہت سے مریضوں کو بروقت مدد فراہم کرنا ممکن ہو سکے گا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت