منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سندھ حکومت کا 5 پی ایس پی افسران کو بلوچستان بھیجنے سے انکار، وفاق کو خط ارسال

قومی خبریں

کراچی: سندھ حکومت نے پانچ پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) افسران کو بلوچستان بھیجنے کے فیصلے پر عمل درآمد روکنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو خط لکھ کر اپنے مؤقف سے آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ تبادلے کے احکامات صوبائی حکومت سے مشاورت کے بغیر جاری کیے گئے، جبکہ یہ افسران مختلف اضلاع میں ایس ایس پی کے عہدوں پر تعینات ہیں اور صوبائی حکومت ان کی خدمات سندھ میں ہی برقرار رکھنا چاہتی ہے۔

متاثرہ افسران میں ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ، ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق، ایس ایس پی سکھر احمد فیصل، ایس ایس پی مٹیاری عبدالعلیم بلو اور ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان حسیب میمن شامل ہیں۔

سندھ حکومت کے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ تبادلے سول سروس رولز 1954 اور سندھ رولز آف بزنس کی خلاف ورزی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر پانچوں افسران کو تاحال ان کے عہدوں سے ریلیو نہیں کیا گیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت