یہ مشن آخری نہیں بلکہ مزید مشترکہ مشن بھی ہوں گے: پاکستانی خلا باز ذیشان علی
پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ یہ مشترکہ خلائی مشن آخری نہیں ہوگا بلکہ مستقبل میں بھی ایسے مزید مشن انجام دیے جائیں گے۔
مشن کی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چینی خلاباز نے کہا کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ انہیں خلائی مشن پر جانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے مستقبل میں بین الاقوامی خلابازوں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
چینی خلاباز کا کہنا تھا کہ پاکستانی ساتھی نے مشن کے لیے بھرپور تیاری کی ہے اور گزشتہ کچھ عرصے کے دوران دونوں کے درمیان اچھی ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے۔
اس موقع پر پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی نے کہا کہ یہ نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے پاکستان کے لیے بھی ایک بڑا اعزاز ہے۔ خلائی مرکز کی انتظامیہ اور عملے نے انہیں بہترین تربیت فراہم کی، جبکہ چینی عملے کے ساتھ دوستی اور پیشہ ورانہ تعلقات بھی قائم ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے۔ امید ہے کہ یہ مشن آخری نہیں ہوگا اور مستقبل میں دونوں ممالک مزید مشترکہ خلائی مشن بھیجیں گے۔
محمد ذیشان علی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان اور چین کے تعلقات اور دوستی کو مستقبل میں مزید مضبوط ہوتا دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے کہا تھا کہ اس مشن پر صرف ذیشان علی نہیں بلکہ پاکستان خلا میں جارہا ہے اور ملک کی نمائندگی اور فخر ان کے کاندھوں پر ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت