آسٹریلیا کا شہریوں کو سعودی عرب کا سفر نہ کرنے کی سخت وارننگ جاری
ریاض: آسٹریلوی سفارت خانے نے سعودی عرب میں سیکیورٹی کی غیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر اپنے شہریوں کو ملک کا سفر نہ کرنے اور طے شدہ دورے ملتوی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ یہ وارننگ مذہبی اور سیاحتی مقاصد کے لیے سفر کرنے والوں پر بھی لاگو ہوتی ہے۔
سفارت خانے نے نشاندہی کی ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں توانائی تنصیبات، دفاتر اور ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ ان خطرات کے پیش نظر ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ سمیت تمام اہم اور حساس مقامات کے قریب انتہائی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
آسٹریلوی حکام نے شہریوں کو ریاض، دمام اور ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے سفر سے گریز کرنے کا کہا ہے کیونکہ حالیہ سیکیورٹی واقعات کی وجہ سے فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر معمول بن چکی ہے، جس سے مسافروں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
سفارت خانے نے واضح کیا کہ جو شہری سعودی عرب چھوڑنے کے خواہش مند ہیں، وہ محفوظ ہونے کی صورت میں زمینی راستوں سے متحدہ عرب امارات یا قطر کے ہوائی اڈوں تک پہنچنے پر غور کریں۔ پرواز کے ذریعے روانگی کی صورت میں ایئرلائن سے تصدیق کے بغیر ایئرپورٹ کا رخ نہ کریں اور ہوائی اڈوں پر اپنا قیام کم سے کم رکھیں۔
سعودی عرب میں موجود آسٹریلوی باشندوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے اور خوراک و پانی کا ذخیرہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ میزائل یا ڈرون حملے کے خدشے کے پیش نظر کسی مضبوط عمارت میں پناہ لینے اور کھڑکیوں سے دور رہنے کی تلقین کی گئی ہے تاکہ گرنے والے ملبے سے بچا جا سکے۔
آخر میں حکام نے تنبیہ کی کہ مملکت میں اہم تنصیبات، فوجی نقل و حرکت، یا کسی بھی قسم کی ڈرون اور میزائل سرگرمیوں کی ویڈیو بنانے یا تصاویر کھینچنے پر سخت پابندی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو فوری قانونی کارروائی اور سنگین فوجداری مقدمات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے قوانین کا احترام انتہائی ضروری ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت