پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مائیک ہیسن کا نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار

قومی خبریں

لاہور: مائیک ہیسن نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف حالیہ سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کی میچ وننگ کارکردگی دیکھ کر خوشی ہوئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ نئے آنے والے کھلاڑیوں نے مشکل حالات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور ٹیم کے سینیئر کھلاڑیوں نے بھی ان کی تربیت میں بہترین کردار ادا کیا۔

ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ ہم آئندہ ہوم سیریز میں بھی ایسی وکٹیں تیار کرائیں گے جو کھلاڑیوں کو غیر ملکی کنڈیشنز کے لیے تیار کرنے میں مددگار ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سیم اور سوئنگ والی وکٹیں ملتی ہیں جن کا سامنا کرنا ضروری ہے۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ثاقب خان کی کمی محسوس ہوئی کیونکہ وہ ٹیسٹ اٹیک کا ایک اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثاقب کی عدم موجودگی کے باوجود باقی باؤلرز نے جس طرح سری لنکن ٹیم کو آل آؤٹ کیا، اس پر مجھے فخر ہے۔ رضا اللہ کی رفتار، عامر جمال کی سیم موومنٹ اور عباس کی درستگی بہترین اٹیک بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں طیب عارف اور طہ نے نئی گیند کا شاندار سامنا کیا جبکہ اذان اویس نے بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ مائیک ہیسن نے کہا کہ سلمان علی آغا ٹیم کے لیے ایک اہم کھلاڑی ہیں۔ ان کے مطابق محمد سلیمان، سعد بیگ، سمیر منہاس اور علی شبیر باصلاحیت نوجوان ہیں۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ علی شبیر ایک تیز رفتار باؤلر ہیں جو ریورس سوئنگ بھی کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس بہت اچھے آپشنز موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر ابرار احمد اور علی عثمان کو بھی ٹیسٹ ٹیم میں طلب کیا جا سکتا ہے، جبکہ ساجد خان بھی ایک بہترین اسپنر ہیں جو بائیں ہاتھ کے بلے بازوں کے خلاف کمال دکھاتے ہیں۔ مجموعی طور پر ٹیم کا مستقبل روشن نظر آتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت