اے آئی کمپنی کی اسٹاک مارکیٹ میں انٹری، ایک ہی روز 5 ہزار ملازمین کروڑ پتی بن گئے

مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی سے ترقی کرنے والی امریکی کمپنی اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں شمولیت نے اس کے ہزاروں ملازمین کو غیر معمولی مالی فائدہ پہنچایا ہے۔
کمپنی کے حصص کی ابتدائی قیمت 83 ڈالر فی شیئر مقرر ہونے کے بعد ملازمین کے پاس موجود حصص کی مجموعی مالیت میں نمایاں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں تقریباً 96 فیصد عملہ کروڑ پتی بن گیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ستمبر 2026 تک اینتھروپک میں 5 ہزار 300 ملازمین کام کررہے تھے۔ ان میں سے تقریباً 5 ہزار 100 افراد کے پاس موجود حصص کی مالیت 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہوگئی۔
اس طرح کمپنی کی اسٹاک مارکیٹ میں آمد نے ملازمین کے مالی اثاثوں کی قدر میں ایک ہی دن کے دوران غیر معمولی تبدیلی پیدا کردی۔
اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 2 ہزار 800 ملازمین کے حصص کی مالیت ایک کروڑ ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ لگ بھگ 600 افراد ایسے ہیں جن کے حصص کی قدر دس کروڑ ڈالر سے بھی زیادہ ہوگئی۔
کمپنی کے ملازمین کو اندرونی طور پر ’اینٹس‘ کہا جاتا ہے۔ نجی کمپنیوں کے حصص کی مالیت کا جائزہ لینے والے ادارے ہِل ڈاٹ کام نے بھی اس مالی کامیابی کو غیر معمولی قرار دیا ہے۔
ہِل ڈاٹ کام کے بانی اینڈریو بینسن کے مطابق حیران کن پہلو یہ ہے کہ ملازمین نے انتہائی مختصر عرصے میں دولت میں اتنا بڑا اضافہ دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کی تیز رفتار ترقی نے ملازمین کو ادارے سے وابستہ رہنے کی ترغیب دی اور انہوں نے دوسری جگہ ملازمت تلاش کرنے کے بجائے اسی کمپنی کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھا۔
سال 2021 میں قائم ہونے والی اینتھروپک نے چند برسوں میں اپنے عملے کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا۔ 2024 کے اختتام پر کمپنی میں ایک ہزار سے بھی کم ملازمین تھے، تاہم ستمبر 2026 تک یہ تعداد بڑھ کر 5 ہزار 300 ہوگئی۔ کمپنی کی تیز رفتار توسیع نے ملازمین کو حصص کی صورت میں مالی فائدہ پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ٹیکنالوجی کی صنعت میں ملازمین کو تنخواہ کے علاوہ کمپنی کے حصص دینے کا طریقہ پہلے سے رائج ہے، لیکن اینتھروپک کے معاملے میں اسٹاک مارکیٹ میں شمولیت نے اس عمل کو غیر معمولی بنا دیا۔
اس موقع پر بعض ملازمین کو پہلے ہی روز اپنے حصص کا کچھ حصہ فروخت کرکے رقم حاصل کرنے کا موقع بھی ملا، جس سے انہیں کاغذی اثاثوں کے بجائے حقیقی مالی فائدہ اٹھانے کی سہولت میسر آئی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت