لاہور کے نجی اسپتالوں میں صحت کارڈ پر کینسر کا مفت علاج بند ہوگیا

لاہور کے نجی اسپتالوں میں صحت کارڈ کے تحت کینسر کا مفت علاج بند کردیا گیا۔
نجی اسپتالوں کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مقررہ رقم علاج کے اخراجات سے کم ہونے کے باعث اس سہولت کو جاری رکھنا ممکن نہیں، جس کے نتیجے میں ان اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
کینسر کی ادویات کے تقسیم کاروں کے مطابق رواں سال ستمبر سے 15 سے 20 نجی اسپتالوں نے صحت کارڈ کے تحت مفت علاج کی سہولت بند کردی ہے۔ پنجاب لائف انشورنس کمپنی نے 25 ستمبر کو نرخوں کی نئی فہرست جاری کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ نجی اسپتال نئی مقررہ قیمتوں کے مطابق ادویات فراہم کریں گے تو ان کے بل ادا کیے جائیں گے، بصورت دیگر ادائیگی نہیں ہوگی۔
پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر علی رزاق کا کہنا ہے کہ صحت کارڈ کے تحت صرف 20 فیصد نجی اسپتال کینسر کا مفت علاج فراہم کر رہے تھے، تاہم اب وہ زیادہ رقم کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کے ساتھ 10 فیصد منافع کے معاملے پر بات چیت ہوئی ہے۔
کینسر کے مریضوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ نجی اسپتالوں میں صحت کارڈ کے تحت مفت علاج کی سہولت دوبارہ بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ مریضوں کا رکا ہوا علاج دوبارہ شروع ہوسکے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت