جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

درآمدات میں اضافے اور ترسیلات زر کی سست رفتاری سے پاکستان پر مالی دباؤ بڑھنے کا خدشہ

قومی خبریں
درآمدات میں اضافے اور ترسیلات زر کی سست رفتاری سے پاکستان پر مالی دباؤ بڑھنے کا خدشہ

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ نے خبردار کیا ہے کہ درمیانی مدت کے دوران پاکستان کو درآمدات میں اضافے اور ترسیلات زر کی رفتار سست ہونے کے باعث مالیاتی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کے پاکستان میں مقیم نمائندے ڈاکٹر ماہیر بنیشی کے مطابق ملک کو معاشی تحفظ برقرار رکھنے کے لیے اپنے مالیاتی ذخائر اور دستیاب وسائل مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔

پاکستان پراسپیرٹی فورم سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہیر بنیشی نے کہا کہ پاکستان نے معاشی استحکام کی جانب پیش رفت ضرور کی ہے، تاہم اس کامیابی کو پائیدار ترقی اور عوامی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے مسلسل، منصفانہ اور مرحلہ وار اصلاحات ضروری ہیں۔

انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ موجودہ 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پروگرام کی مدت ختم ہونے کے بعد پاکستان آئندہ 5 برس تک کسی نئے پروگرام سے بچ سکے گا یا نہیں۔

آئی ایم ایف نمائندے نے پاکستان کی بنیادی معاشی مشکلات میں انسانی اور طبعی سرمایے پر ناکافی سرمایہ کاری کو نمایاں کیا۔ ان کے مطابق سرمایہ کاری کی کمی سے پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی ہے، جبکہ کمزور پیداوار، محدود سرمایہ کاری اور برآمدات میں کمی ایک دوسرے کے مسائل کو مزید بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات مجموعی قومی پیداوار کے تقریباً 10 فیصد تک محدود ہوچکی ہیں اور بڑی تعداد میں افرادی قوت کم پیداواری زرعی شعبے سے وابستہ ہے۔

ڈاکٹر ماہیر بنیشی نے کہا کہ پاکستان کا جاری کھاتوں کا خسارہ ملکی معاشی ڈھانچے اور بچت و سرمایہ کاری کے درمیان فرق سے جڑا ہوا ہے۔ مالیاتی اور بیرونی شعبوں کو مستحکم کرنے کے لیے ٹیکس، تجارتی پالیسی اور بیرونی معاملات میں اصلاحات ضروری ہیں۔ ملک کو ایسا وسیع، مستحکم اور قابل پیش گوئی ٹیکس نظام تشکیل دینا ہوگا جو معاشی استحکام کی بنیاد بن سکے۔

انہوں نے مزید خبردار کیا کہ پاکستان کے معاشی حفاظتی ذخائر ابھی محدود ہیں اور پالیسیوں میں نظم و ضبط کمزور پڑنے سے اب تک حاصل ہونے والی کامیابیاں ضائع ہوسکتی ہیں۔ عالمی تنازعات میں شدت، اجناس کی قیمتوں میں اضافہ اور بین الاقوامی تجارت میں رکاوٹیں بھی ملکی معیشت کے لیے اہم خطرات ہیں۔

فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ملک میں کسی نہ کسی شکل میں اختیارات کی حقیقی منتقلی یقینی بنانا ضروری ہے۔ نقد مالی امداد طویل مدتی مسائل کا مستقل حل نہیں، اس لیے قومی مالیاتی کمیشن کے تحت وسائل کی تقسیم کے موجودہ فارمولے پر سنجیدگی سے نظرثانی ہونی چاہیے۔

ماہرِ معاشیات رضوان راوجی نے آئی ایم ایف پروگراموں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے نے ماضی میں غلط معاشی مشورے دیے جنہیں سخت شرائط کے ذریعے نافذ کیا جاتا ہے اور ایسے اقدامات ترقی کے لیے نقصان دہ ہیں۔

دوسری جانب برطانوی ہائی کمیشن کے سینئر اقتصادی مشیر لوئی ڈین نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے برآمدات میں مسلسل اضافہ ناگزیر ہے۔ پاکستان کو عالمی معیارات کے مطابق قواعد و ضوابط بنانے اور بین الاقوامی خریداروں کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے مصنوعات کی جانچ کا نظام بھی بہتر بنانا ہوگا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت