پیٹ کی اضافی چربی گھٹانے کے لیے شہد اور دارچینی کا مشروب کتنا مفید ہے؟
پیٹ کے گرد جمع ہونے والی اضافی چربی محض ظاہری شکل کا مسئلہ نہیں بلکہ صحت کے لیے بھی کئی خطرات کا سبب بن سکتی ہے۔
خصوصاً پیٹ کے اندرونی حصے میں موجود چربی کو امراضِ قلب، ٹائپ ٹو ذیابیطس اور مختلف میٹابولک بیماریوں کے بڑھتے ہوئے خطرات سے منسلک کیا جاتا ہے۔ اسی لیے جسمانی وزن اور پیٹ کی چربی کو قابو میں رکھنا صحت مند زندگی کے اہم تقاضوں میں شمار ہوتا ہے۔
وزن گھٹانے کے لیے مختلف گھریلو نسخے استعمال کیے جاتے ہیں، جن میں شہد اور دارچینی سے تیار کردہ پانی بھی شامل ہے۔ تاہم صرف اس مشروب کو استعمال کرکے پیٹ کی چربی کم کرنے کی توقع درست نہیں۔ وزن میں کمی کے لیے متوازن غذا، روزانہ جسمانی سرگرمی، مناسب نیند اور صحت مند طرزِ زندگی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
دارچینی میں اینٹی آکسیڈنٹ اجزا پائے جاتے ہیں اور اسے سوزش کم کرنے والی خصوصیات کا حامل بھی سمجھا جاتا ہے۔
بعض سائنسی تحقیقات میں اس کے ممکنہ میٹابولک فوائد، خون میں شکر کی سطح اور جسمانی وزن پر اثرات کا جائزہ لیا گیا ہے، تاہم دستیاب شواہد اس دعوے کی تصدیق نہیں کرتے کہ دارچینی کا پانی پینے سے پیٹ کی چربی تیزی سے ختم ہوسکتی ہے۔
اسی طرح شہد کو بھی وزن کم کرنے کا یقینی ذریعہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اگرچہ اسے قدرتی مٹھاس کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، لیکن اس میں شکر اور کیلوریز موجود ہوتی ہیں۔
لہٰذا وزن گھٹانے کی کوشش کرنے والے افراد کو شہد کی مقدار کا خیال رکھنا چاہیے، خصوصاً جب روزانہ خوراک میں دیگر میٹھی اشیا بھی شامل ہوں۔
شہد اور دارچینی کا مشروب تیار کرنے کے لیے 2 گلاس پانی میں دارچینی کے دو ٹکڑے ڈال کر ابالیں۔ پانی کو اس وقت تک گرم کریں جب تک اس کی مقدار تقریباً نصف نہ رہ جائے۔ اس کے بعد برتن چولہے سے اتار کر پانی کو کچھ دیر ٹھنڈا ہونے دیں۔ جب مشروب نیم گرم ہوجائے تو اس میں ایک چمچ شہد شامل کرکے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
بعض گھریلو ترکیبوں میں اس مشروب کے ساتھ لیموں کا رس ملانے کی تجویز بھی دی جاتی ہے۔ اسے ہاضمے کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے، تاہم گیس، پیٹ پھولنے یا دیگر ہاضمے کی شکایات دور کرنے میں اس کی افادیت کے ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں۔
طبی احتیاط کے طور پر ذیابیطس کے مریض شہد استعمال کرتے وقت خصوصی توجہ دیں، کیونکہ اس میں موجود شکر خون میں گلوکوز کی سطح متاثر کرسکتی ہے۔
اسی طرح دارچینی کی بہت زیادہ مقدار طویل عرصے تک استعمال کرنے سے بھی گریز کرنا چاہیے۔ وزن کم کرنے کے لیے اصل توجہ متوازن خوراک، کیلوریز میں مناسب کمی اور باقاعدہ ورزش پر ہونی چاہیے، نہ کہ کسی ایک مشروب یا گھریلو نسخے پر۔
بشکریہ روزنامہ جسارت