ہفتہ، 7 نومبر، 2026 · 28 جمادی الاول، 1448 ہجری

کراچی میں پارکوں کی جگہوں پر چائنا کٹنگ کی گئی،قوم نے چائنا کٹنگ کرنے والوں کو مسترد کردیا:حافظ نعیم

قومی خبریں
کراچی میں پارکوں کی جگہوں پر چائنا کٹنگ کی گئی،قوم نے چائنا کٹنگ کرنے والوں کو مسترد کردیا:حافظ نعیم

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومتی سطح پر نوجوانوں کے لیے کھیل کے میدان موجود نہیں، اقتدار میں رہنے والوں نے پارکوں کی جگہوں پر چائنا کٹنگ کی ہے، تاہم چائنا کٹنگ کرنے والوں کو قوم مسترد کرچکی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر آئی، لیکن اسٹیبلشمنٹ نے جماعت اسلامی کے میئر کو آنے نہیں دیا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود جماعت اسلامی محدود وسائل میں رونا دھونا کرنے کے بجائے اپنے اختیارات اور وسائل سے بڑھ کر کام کر رہی ہے، یہ بات انہوں نے پاپوش نگر میں پاک ونڈر گراؤنڈ کا افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پرانہوں نے ٹاؤن چیئرمین ناظم آباد سید محمد مظفر اور ان کی ٹیم کو گراؤنڈ آباد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ناظم آباد ٹاؤن کے تحت جمال الدین افغانی اسکول کو بھی تزئین و آرائش کے بعد بحال کیا گیا، ملک بھر میں منشیات کھلے عام فروخت ہورہی ہیں اور تعلیمی اداروں کے ساتھ کھیلوں کے میدانوں میں بھی منشیات کا پھیلاؤ تشویش ناک ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ لڑکوں کے ساتھ لڑکیوں کو بھی منشیات کی لعنت میں مبتلا کیا جا رہا ہے، علاقے کے تھانے کی ملی بھگت کے بغیر منشیات کا اڈا چلانا ممکن نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ریڈ، ییلو اور گرین لائن کے نام پر کراچی کی سڑکیں کھود کر رکھ دی گئیں، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیاں فراہم کی جائیں تو یہی نوجوان کھیل اور تعلیم کے میدان میں ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں، نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ بہترین کھلاڑی بنانے کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے بتایا کہ پاک ونڈر گراؤنڈ میں فٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز کیا جارہا ہے، جس میں شہر کی 16 بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ایک لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 50 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا، محسن یوسف زئی فٹ بال کی دنیا کا بڑا نام ہیں اور پاکستان میں کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں فٹ بال کی بہترین ٹیم بنانے کے خواہش مند الخدمت سے رابطہ کریں، انہیں فٹ بال کٹس بھی فراہم کی جائیں گی، کھلاڑی گراؤنڈز کی بحالی کے لیے تحریک چلائیں، جماعت اسلامی انہیں فٹ بال کٹس اور دیگر وسائل فراہم کرے گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت