ہفتہ، 7 نومبر، 2026 · 28 جمادی الاول، 1448 ہجری

پی ٹی اے نے 1لاکھ 76ہزارواٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک کردیئے

قومی خبریں
پی ٹی اے نے 1لاکھ 76ہزارواٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک کردیئے

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے میٹا کے تعاون سے سائبر فراڈ کی روک تھام کے لیے کارروائی کرتے ہوئے دوبارہ جاری کیے گئے موبائل نمبرز پر فعال1 لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس بند کر دیئے ہیں۔ یہ اقدام ان شکایات کے بعد کیا گیا جن میں غیر فعال یا منسوخ شدہ سموں کے ڈیٹا کے ذریعے واٹس ایپ پر فراڈ کی سرگرمیوں کا انکشاف ہوا تھا۔

حکام کے مطابق پی ٹی اے نے میٹا کے ساتھ تقریباً 1 کروڑ ری سائیکل شدہ نمبرز کی فہرست شیئر کی ہے، تاکہ ان سے منسلک اکاؤنٹس کی جانچ کرکے غیر متعلقہ یا مشکوک اکاؤنٹس کو غیر فعال کیا جاسکے۔ سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے دونوں اداروں کے درمیان ماہانہ بنیادوں پر 5 ہزار دوبارہ جاری کردہ نمبرز کی فہرست شیئر کرنے کا معاہدہ بھی طے پایا ہے۔

ملک میں ٹیلی کام آپریٹرز کے پاس اس وقت تقریباً 1 کروڑ 60 لاکھ ری سائیکل شدہ نمبرز موجود ہیں۔ پی ٹی اے کے مطابق اگر اصل صارف کی سم منسوخ ہونے کے باوجود اس سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹ فعال رہے تو نیا نمبر حاصل کرنے والا شخص یا سائبر مجرم اس کا غلط استعمال کرسکتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران میٹا نے ریگولیٹر کی جانب سے بھیجی گئی 82 فیصد شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مسائل حل کیے۔ پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل سیکیورٹی بہتر بنانا، شہریوں کو مالی اور سائبر فراڈ سے محفوظ رکھنا اور دوبارہ جاری ہونے والے نمبرز کے غلط استعمال کی روک تھام ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت