پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی، مہنگائی سے پریشان عوام کو مزید ریلیف دینے کا مطالبہ
اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول 6 روپے 59 پیسے اور ڈیزل 4 روپے 25 پیسے فی لیٹر سستا کردیا ہے، مہنگائی کے مسلسل بوجھ تلے دبے عوام نے معمولی کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی کا مطالبہ کیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 346 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 25 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 378 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں 9 نومبر تک نافذ العمل رہیں گی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے باوجود مہنگائی سے پریشان شہریوں کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچنا بھی ضروری ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے بڑھتے ہوئے گھریلو اخراجات، بجلی اور گیس کے بھاری بلوں، مہنگی اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور دیگر ضروری اخراجات نے پہلے ہی محدود آمدنی والے خاندانوں کا بجٹ بری طرح متاثر کر رکھا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول مہنگا ہونے پر رکشوں، بسوں، سامان کی ترسیل اور دیگر سفری اخراجات میں فوری اضافہ کردیا جاتا ہے لیکن جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوتی ہے تو اس کے اثرات عام صارفین تک پہنچنے میں تاخیر ہوتی ہے۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے کے باعث عوام کو حقیقی ریلیف نہیں مل پاتا۔
مہنگائی کے ہاتھوں پریشان شہریوں کا شکوہ ہے کہ آمدنی کا بڑا حصہ راشن، بجلی کے بل، بچوں کی تعلیم، علاج معالجے اور سفر پر خرچ ہوجاتا ہے جبکہ تنخواہوں اور آمدنی میں اضافے کی رفتار اخراجات کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔ متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے گھر کا نظام چلانا مشکل ہوتا جارہا ہے اور کئی خاندان اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی اخراجات میں کٹوتی کرنے پر مجبور ہیں۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات صرف کاغذوں تک محدود نہ رکھے جائیں بلکہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں، اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری خدمات کی قیمتوں میں بھی کمی یقینی بنائی جائے تاکہ مہنگائی کے ستائے عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت