پاکستان ریلویز کا 14 مزید مال بردار ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

لاہور: پاکستان ریلویز نے کاروبار میں اضافے کے لیے مزید مال بردار ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، جس میں حکام کو 14 مال بردار ٹرینیں جلد از جلد چلانے کی ہدایت کی گئی۔
واضح رہے کہ ریلوے کے پاس وسائل کی کمی کے باوجود تاجر برادری کی جانب سے مال بردار ٹرینوں کی تعداد میں اضافے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، تاہم ویگنوں کی عدم دستیابی جیسے مسائل کے باعث یہ مطالبہ پورا نہیں ہو رہا تھا۔
اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے ریلوے ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں اس معاملے پر تفصیلی غور کے بعد ہنگامی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تاکہ تاجر برادری کی طلب پوری ہونے کے ساتھ ریلوے کی آمدن میں بھی اضافہ ہو سکے۔ چنانچہ 14 مال بردار ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا اور حکام کو نئے سال کے پہلے ماہ جنوری میں ہی یہ ٹرینیں چلانے کا ہدف دیا گیا ہے۔
اجلاس میں فریٹ آمدن بڑھانے کے لیے خانیوال میں ڈرائی پورٹ بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔ سرکاری طور پر بتایا گیا ہے کہ مکینیکل وجوہات کے باعث پیش آنے والے ٹرین حادثات کے معاملے پر ٹرین ایگزامینرز کے خلاف ایف آئی اے سے انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح اوور لوڈنگ روکنے کے لیے 31 دسمبر تک ملک بھر میں مزید پانچ وے برج نصب کیے جائیں گے، جبکہ کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ہیڈکوارٹرز کی آپریشنل میٹنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب آپریشنل میٹنگز ڈویژن کی سطح پر ہوا کریں گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت