مریم نواز کا پنجاب میں جرائم کے خاتمے کیلیے جدید ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام کا افتتاح
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم کرائم سرویلنس یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جس کے ذریعے صوبے بھر میں ضلع، سرکل اور پولیس اسٹیشن کی سطح پر جرائم کی صورتحال اور پولیس افسران کی کارکردگی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ نئے نظام کے تحت پنجاب کے ہر تھانے میں جرائم سے متعلق تازہ ترین معلومات ایک کلک پر دستیاب ہوں گی جبکہ ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت تمام متعلقہ افسران کی کارکردگی کا بھی باقاعدہ تجزیہ کیا جائے گا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر کرائم سرویلنس یونٹ کے سربراہ عثمان طاہر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو یونٹ کے انتظامی امور، جدید نظام اور طریقہ کار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ یونٹ صوبے میں جرائم کی روک تھام، پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے اور شہریوں کی شکایات کے ازالے کے عمل کی نگرانی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
نئے نظام کے تحت کرائم سرویلنس یونٹ میں جرائم کی 20 مختلف کیٹیگریز کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا، جس کا تجزیہ کرنے کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل ہوں گی۔ یونٹ میں موجود ماہرین دستیاب معلومات کی بنیاد پر فوری طور پر ڈیٹا اینالیسس رپورٹس تیار کریں گے، جن کے ذریعے مختلف علاقوں میں جرائم کی صورتحال، ان کے رجحانات اور پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے گا۔
اس نظام کے ذریعے شہریوں کی شکایات اور درخواستوں پر کارروائی میں ہونے والی پیش رفت کی بھی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ کسی شکایت یا درخواست کے ازالے میں غیر ضروری تاخیر کی صورت میں متعلقہ حکام سے جواب طلب کیا جا سکے گا اور غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی بھی ممکن ہوگی۔
کرائم سرویلنس یونٹ سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق قابل توجہ پوسٹس کی نشاندہی بھی کرے گا تاکہ متعلقہ معاملات کا بروقت جائزہ لیا جا سکے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے پولیس اصلاحات کا جامع منصوبہ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ کے ڈیٹا کو درست اور مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔ انہوں نے ایف آئی آر کے اندراج میں بلاجواز تاخیر کی شکایات پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو مقدمات کے اندراج کے لیے غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے پولیس کے بارے میں منفی پروپیگنڈے پر فوری ردعمل دینے کی بھی ہدایت کی،پنجاب کو ہر قسم کے جرائم سے پاک کرنا چاہتے ہیں اور کرائم سرویلنس یونٹ کے قیام کا بنیادی مقصد جرائم کے خاتمے کی مہم کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ اچھے اور برے لوگ ہر جگہ موجود ہوتے ہیں، چند افراد کی وجہ سے پوری پولیس فورس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگانا درست نہیں۔ پولیس فورس میں بڑی تعداد ایسے افسران اور اہلکاروں کی ہے جو اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، اس لیے ان کی حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ صوبے میں پولیس اصلاحات کے نتیجے میں جرائم کی شرح میں کمی کا تاریخی رجحان خوش آئند ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نگرانی کے نظام سے پولیس کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اور جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، پولیس افسران کی جواب دہی اور شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کے ذریعے پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت