جمعہ، 6 نومبر، 2026 · 27 جمادی الاول، 1448 ہجری

پی ٹی آئی کو اپنے لیے راستہ خود نکالنا پڑےگا، سیاسی اسپیس کسی کے سہارے نہیں ملے گی: شوکت یوسفزئی

قومی خبریں
پی ٹی آئی کو اپنے لیے راستہ خود نکالنا پڑےگا، سیاسی اسپیس کسی کے سہارے نہیں ملے گی: شوکت یوسفزئی

پشاور: پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پارٹی کو اپنے لیے سیاسی راستہ خود ہی نکالنا پڑے گا۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ ثبوت نہ ہوں تو الزام نہیں لگانا چاہیے، لیکن خیبر پختونخوا میں محض الزامات کی بنیاد پر ہماری حکومت ختم کردی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ گورنر راج زیادہ عرصے تک چل سکے گا۔ ان کا سوال تھا کہ یہ لوگ کس حیثیت سے سڑکوں کا افتتاح کررہے ہیں؟ ان کے ساتھ پی ٹی آئی کو ختم کرنے کا ایجنڈا بھی لایا گیا ہے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے سیاسی گنجائش کہیں نہیں چھوڑی گئی، ہم سب کے خلاف تھری ایم پی او سمیت دیگر مقدمات درج ہیں، جبکہ گزشتہ روز ہائیکورٹ کو بھی ہمارے مقدمات کی سماعت سے روک دیا گیا، جو افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے زیادہ تر رہنما جیلوں میں ہیں اور باقی رہ جانے والوں کے خلاف بھی مقدمات درج ہیں۔ پارٹی پارلیمنٹ میں موجود ہے، اس لیے اسے پارلیمانی کمیٹیوں میں شرکت کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اپنے لیے راستہ خود نکالنا ہوگا، سیاسی گنجائش کسی کے سہارے نہیں ملے گی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو کنٹینر پر آنے کی دعوت دی تھی۔ بظاہر حکومت اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان کچھ وقت کے لیے تلخی پیدا ہوگی، تاہم بعد میں حالات معمول پر آجائیں گے۔

شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات ہونا اچھی بات ہے، اس سے مقدمات کے حوالے سے مشاورت کا موقع مل جاتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت