جمعہ، 6 نومبر، 2026 · 27 جمادی الاول، 1448 ہجری

کراچی میں پولیس کے مبینہ مقابلے، 10 ملزمان زخمی، 11 گرفتار

قومی خبریں
کراچی میں پولیس کے مبینہ مقابلے، 10 ملزمان زخمی، 11 گرفتار

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 10 ملزمان زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے مجموعی طور پر 11 افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ، موٹرسائیکلیں، موبائل فونز اور نقدی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق شہید ملت روڈ پر فیروزآباد پولیس اور شاہین فورس کے مبینہ مقابلے میں نعیم نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ ایف بی ایریا بلاک 5 میں ندی کے قریب گلبرگ پولیس نے حنیف اور فہد کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ، موبائل فونز اور موٹرسائیکل برآمد کی۔

ڈیفنس کے علاقے چھوٹا بخاری میں درخشاں پولیس نے شرجیل اور سعود کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جبکہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں صبا سینما کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 18 سالہ عادل کو زخمی حالت میں پکڑ لیا گیا۔

گلبہار میں پولیس نے عبید عرف مچھیل اور امین کو گرفتار کیا، جن میں سے ایک زخمی تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے دو پستول، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے مہران ٹاؤن میں بھی پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران علی گل نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا۔

پولیس اور امدادی اداروں کے مطابق تمام زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت