کیا شہد اور لہسن واقعی تیزی سے وزن گھٹانے میں مددگار ہیں؟

وزن میں کمی کے لیے لہسن اور شہد کے امتزاج کا گھریلو نسخہ آج کل کافی مقبول ہے جسے بہت سے افراد مٹاپے سے چھٹکارا پانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق صحت مند طرز زندگی اور متوازن غذا وزن قابو میں رکھنے کے لیے انتہائی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
لہسن میں وٹامن بی سکس، سی، فائبر، مینگنیز اور کیلشیم جیسے اہم غذائی اجزا کثیر تعداد میں پائے جاتے ہیں۔ روایتی طور پر اسے شہد کے ساتھ ملا کر کھانا جسم کو توانائی پہنچانے اور ہاضمے کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مفید قرار دیا جاتا ہے، جس سے جسمانی افعال میں بہتری آتی ہے۔
تاہم وزن کم کرنے یا جسم کو مکمل طور پر ڈیٹاکس کرنے کے دعووں کے بارے میں طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے سائنسی شواہد تاحال محدود ہیں۔
لہذا اس نسخے کو وزن گھٹانے کا جادوئی طریقہ سمجھنے کے بجائے اسے اپنی معمول کی غذا کا ایک ضمنی حصہ سمجھنا چاہیے۔
اس نسخے کو تیار کرنے کا طریقہ کار یہ ہے کہ ایک درمیانے سائز کے جار کو خالص شہد سے بھر کر اس میں لہسن کے صاف شدہ جوئے شامل کر دیے جاتے ہیں۔ اس مکسچر کو تقریباً ایک ماہ تک کسی ہوادار جگہ پر رکھا جاتا ہے تاکہ اجزا اچھی طرح ایک دوسرے میں جذب ہو جائیں۔
اسے استعمال کے لیے یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ صبح خالی پیٹ جار سے لہسن کا ایک جوا نکال کر کچل کر کھایا جائے اور اس کے فوراً بعد پانی پی لیا جائے۔
کچا لہسن استعمال کرنے سے بعض افراد میں معدے کی جلن یا تیزابیت جیسی شکایات پیدا ہو سکتی ہیں، جن سے احتیاط لازمی ہے۔ اسی طرح شہد میں قدرتی شکر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے، اس لیے اسے اعتدال میں استعمال کرنا ضروری ہے۔
وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کو چاہیے کہ وہ کسی بھی گھریلو ٹوٹکے کو مکمل علاج تصور کرنے کے بجائے اپنی مجموعی غذائی عادات اور جسمانی سرگرمیوں کو بہتر بنانے پر زیادہ توجہ دیں تاکہ طویل مدتی صحت اور فٹنس کو یقینی بنایا جا سکے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت