جمعرات، 5 نومبر، 2026 · 26 جمادی الاول، 1448 ہجری

دنیا میں سب سے زیادہ سالگرہ کس تاریخ کو منائی جاتی ہے؟

قومی خبریں
دنیا میں سب سے زیادہ سالگرہ کس تاریخ کو منائی جاتی ہے؟

دنیا بھر میں ہر روز لاکھوں افراد اپنی سالگرہ مناتے ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ سال کا کون سا دن ایسا ہے جس تاریخ کو پیدا ہونے والے افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے؟ اس حوالے سے ورلڈ اٹلس کی ایک رپورٹ نے دلچسپ انکشاف کیا ہے، جس کے مطابق ستمبر کا مہینہ تاریخ پیدائش کے اعتبار سے سب سے نمایاں ہے اور دنیا کی 10 عام ترین تاریخوں میں سے 9 اسی مہینے میں آتی ہیں۔

ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق 9 ستمبر دنیا بھر میں سب سے زیادہ عام تاریخ پیدائش ہے، جبکہ 19 ستمبر دوسرے اور 12 ستمبر تیسرے نمبر پر ہے۔ اسی طرح 17 ستمبر چوتھی اور 10 ستمبر پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس فہرست میں ستمبر کے علاوہ صرف 7 جولائی کو جگہ ملی ہے، جو عام ترین تاریخ پیدائش کے اعتبار سے چھٹے نمبر پر ہے۔ دیگر تاریخوں میں 20 ستمبر ساتویں، 15 ستمبر آٹھویں، 16 ستمبر نویں اور 18 ستمبر دسویں نمبر پر ہے۔

مختلف ممالک میں بچوں کی پیدائش کے رجحانات ایک جیسے نہیں ہوتے بلکہ ان پر موسمی حالات، ثقافتی روایات اور دیگر معاشرتی عوامل اثر انداز ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کے مختلف خطوں میں سال کے الگ الگ مہینوں کے دوران پیدائش کی شرح میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق موسم گرما کے آخری ایام اور موسم خزاں کے ابتدائی عرصے میں بچوں کی پیدائش میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے، جس کے باعث ستمبر کی تاریخیں اس فہرست میں زیادہ تعداد میں شامل ہیں۔

تاہم یورپ کے بعض ممالک میں اس کے برعکس موسم بہار کے دوران بچوں کی پیدائش کا رجحان زیادہ پایا جاتا ہے۔ اسی طرح جنوبی نصف کرے کے ممالک میں موسمی ترتیب شمالی نصف کرے سے مختلف ہونے کے باعث وہاں پیدائش کے رجحانات بھی الگ ہوسکتے ہیں۔

اگرچہ ورلڈ اٹلس کے اس دعوے کی عالمی سطح پر مکمل درستگی کا تعین کرنا آسان نہیں، تاہم اس کی جانب سے پیش کی گئی فہرست ایک دلچسپ پہلو ضرور سامنے لاتی ہے کہ دنیا میں سالگرہ منانے کے حوالے سے ستمبر کا مہینہ دیگر مہینوں کے مقابلے میں نمایاں برتری رکھتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت