یو اے ای میں یکم جنوری سے نئے ٹریفک قوانین نافذ کرنےکا اعلان

دبئی: متحدہ عرب امارات نے یکم جنوری 2027 سے نئے ٹریفک قوانین نافذ کرنے کا اعلان کردیا، جس کے تحت پیشہ ور ڈرائیورز 24 گھنٹوں کے دوران 9 گھنٹے سے زیادہ گاڑی نہیں چلاسکیں گے۔
حکام کے مطابق نئے قوانین میں ٹیکسی، ٹرک، بس اور سامان کی ترسیل کرنے والے ڈرائیورز کے روزانہ ڈرائیونگ اوقات محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ تھکن یا غنودگی کی حالت میں گاڑی چلانے پر بھی پابندی ہوگی۔
نئے ضوابط کے تحت وفاقی ٹریفک کونسل کو ڈرائیونگ کے لیے مقررہ 9 گھنٹے کی مدت میں تبدیلی کا اختیار بھی حاصل ہوگا، جس کا اطلاق نجی اور پیشہ ورانہ دونوں طرح کے ڈرائیورز پر کیا جائے گا۔ ان اقدامات کا مقصد ٹریفک حادثات کی روک تھام اور سڑکوں پر تحفظ بہتر بنانا ہے۔
حکام نے 4 سال یا اس سے کم عمر بچوں کے لیے گاڑی میں حفاظتی نشست لازمی قرار دے دی ہے۔ بچوں کی عمر، وزن اور قد کے مطابق حفاظتی نشست پچھلی نشست پر نصب کرنا ہوگی۔
نئے قوانین کے مطابق امارات اور دیگر خلیجی ممالک کے شہریوں کو 10 سال جبکہ غیر ملکی رہائشیوں کو 5 سال کے لیے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ڈرائیورز کی بینائی جانچنے کے لیے نئے معیار بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ لائسنس کی تجدید سے قبل بینائی کا معائنہ لازمی ہوگا، جبکہ مختلف اقسام کی گاڑیاں چلانے والے ڈرائیورز کے لیے الگ الگ معیارات لاگو ہوں گے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت