جمعرات، 5 نومبر، 2026 · 26 جمادی الاول، 1448 ہجری

شام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط

قومی خبریں
شام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط

شام اور سعودی عرب نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور علاقائی سلامتی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے دفاعی معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔

سعودی عرب نے شام میں تعمیرِ نو، توانائی، صحت، رہائش اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے زائد کے رعایتی قرضے دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

الجزیرہ اور خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ معاہدے شامی صدر احمد الشرع کے دورۂ ریاض کے موقع پر طے پائے، جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شامی وزارت خارجہ نے دونوں ملکوں کی وزارتِ دفاع کے درمیان ہونے والے معاہدے کو دورے کی اہم پیش رفت قرار دیا ہے، تاہم دفاعی تعاون کی نوعیت، معاہدے کی تفصیلات اور اس پر عمل درآمد کے طریقہ کار کو تاحال سامنے نہیں لایا گیا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب سعودی عرب یمن کے حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں کے تناظر میں اپنی دفاعی صلاحیتیں مضبوط بنانے کے لیے امریکا، یورپ اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت