کیا آپ بران بریڈ کو صحت بخش سمجھتے ہیں؟ خریدنے سے پہلے یہ اہم حقیقت جان لیں

ناشتے میں ڈبل روٹی استعمال کرنے والے افراد عموماً بران بریڈ (جسے عموماً براؤن بریڈ بھی کہا جاتا ہے) کو سفید ڈبل روٹی کے مقابلے میں زیادہ صحت بخش سمجھتے ہیں، لیکن دونوں اقسام کی غذائی خصوصیات میں نمایاں فرق پایا جاتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ بریڈ کس آٹے سے تیار کی گئی ہے اور اس میں فائبر کی مقدار کتنی ہے۔
چوکر والی ڈبل روٹی میں عموماً غذائی فائبر زیادہ موجود ہوتا ہے، جو نظامِ ہاضمہ کی صحت برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ فائبر آنتوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور قبض سے بچاؤ میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ اسی طرح زیادہ فائبر والی غذا پیٹ کو نسبتاً زیادہ دیر تک بھرا رکھنے میں بھی مدد فراہم کرتی ہے۔
بران بریڈ کا ایک اہم فائدہ یہ ہے کہ اس میں موجود فائبر خون میں شوگر کے اضافے کی رفتار کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
اس کے برعکس سفید ڈبل روٹی میں فائبر نسبتاً کم ہوتا ہے، جس کے باعث یہ جلد ہضم ہوسکتی ہے اور کھانے کے بعد زیادہ دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس برقرار نہیں رہتا۔
وائٹ بریڈ عام طور پر ریفائنڈ آٹے سے تیار کی جاتی ہے، جس کی تیاری کے دوران گندم کے بیرونی حصے اور چوکر کا بڑا حصہ الگ کردیا جاتا ہے۔ اس عمل کے نتیجے میں اس میں قدرتی فائبر کی مقدار کم ہوجاتی ہے۔ ایسی ڈبل روٹی استعمال کرنے سے خون میں شوگر کی سطح نسبتاً تیزی سے بڑھ سکتی ہے، اس لیے اس کے انتخاب میں احتیاط ضروری ہے۔
غذائیت کے اعتبار سے روزمرہ استعمال کے لیے 100 فیصد مکمل گندم سے تیار کردہ یا زیادہ فائبر رکھنے والی چوکر کی ڈبل روٹی بہتر انتخاب ہوسکتی ہے، تاہم صرف بھورے رنگ کو صحت بخش ہونے کی ضمانت نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ مارکیٹ میں بعض اقسام ایسی بھی دستیاب ہوتی ہیں جنہیں محض رنگ دینے والے اجزا شامل کرکے بھورا بنایا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ڈبل روٹی خریدتے وقت اس کی پیکنگ پر درج اجزا کی فہرست ضرور پڑھنی چاہیے۔ ایسی مصنوعات کو ترجیح دینی چاہیے جن میں مکمل گندم کا آٹا یا ہول گرین بنیادی جزو ہو۔ اس طرح صارفین صرف رنگ یا ظاہری شکل کے بجائے حقیقی غذائی خصوصیات کو سامنے رکھ کر بہتر انتخاب کرسکتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت