جمعرات، 5 نومبر، 2026 · 26 جمادی الاول، 1448 ہجری

سیاسی رہنماؤں کو ذاتی مفادات کے بجائے عوام کی بھلائی کو ترجیح دینی چاہیے، پوپ لیو

قومی خبریں
سیاسی رہنماؤں کو ذاتی مفادات کے بجائے عوام کی بھلائی کو ترجیح دینی چاہیے، پوپ لیو

امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد پوپ لیو چہاردہم نے سیاسی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ ذاتی اور جماعتی مفادات کے بجائے عوام کی بھلائی کو ترجیح دیں۔

ویٹی کن کے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ہفتہ وار خطاب کرتے ہوئے پوپ لیو نے کہا کہ سیاسی نظام کا بنیادی مقصد اجتماعی مفاد کا تحفظ ہونا چاہیے اور حکومتی اختیارات پوری انسانیت کی بھلائی کے لیے استعمال کیے جانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی فیصلے کسی ایک فرد یا گروہ کے مفادات کے بجائے پورے معاشرے کی ضروریات کو سامنے رکھ کر کیے جانے چاہئیں۔ پوپ نے اپنے خطاب میں کسی امریکی سیاسی جماعت کی براہِ راست حمایت یا مخالفت نہیں کی۔

ان کا یہ بیان امریکی وسط مدتی انتخابات کے ایک روز بعد سامنے آیا، جن میں ڈیموکریٹس نے کانگریس میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ شکاگو میں پیدا ہونے والے پوپ لیو چہاردہم نے امریکی شہری کی حیثیت سے الینوائے میں ڈاک کے ذریعے ووٹ کاسٹ کیا تھا۔ وہ امریکی انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے پہلے پوپ ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت