اسرائیل کی حمایت پر لیبیا میں نائیکی مصنوعات ممنوع، فتویٰ جاری

طرابلس: لیبیا کے دارالافتا نے عالمی شہرت یافتہ کھیلوں کے برانڈ نائیکی کی مصنوعات کے استعمال، خرید اور فروخت کے خلاف باقاعدہ فتویٰ جاری کر دیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد ملک بھر میں نائیکی کے ملبوسات کے حوالے سے ایک نئی اور بڑی بحث کا آغاز ہو گیا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق لیبیا کے مفتی اعظم صادق الغریانی نے اس فتوے کی منظوری دی ہے جس میں کہا گیا کہ نائیکی کا برانڈ نام قدیم یونانی دیوی سے منسوب ہے۔ کمپنی کا معروف نشان بھی اسی دیوی کے پروں کی عکاسی کرتا ہے جو اسلامی عقائد سے براہ راست متصادم ہے۔
فتوے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ایسے ملبوسات کا استعمال غیر اسلامی مذہبی علامات کی ترویج کا باعث بنتا ہے۔ اسی بنا پر شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نائیکی کے جوتوں یا کپڑوں کی خریداری سے گریز کریں اور اس برانڈ کا مکمل بائیکاٹ کریں۔
مذہبی ادارے کے مطابق یہ برانڈ اسرائیل کی حمایت بھی کرتا ہے۔ اس سلسلے میں نومبر 2023 کی ایک قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ جو کمپنیاں اسرائیل کی پشت پناہی کر رہی ہیں ان کا بائیکاٹ کرنا مسلمانوں پر لازم اور شرعی تقاضا ہے۔
یاد رہے کہ لیبیا میں مذہبی اداروں کی جانب سے ایسے فتوے ماضی میں بھی جاری ہوتے رہے ہیں۔ گزشتہ برس ایک یورپی جیولری کمپنی کے مخصوص نشان والی مصنوعات پر بھی اعتراض اٹھایا گیا تھا۔ فی الحال یہ واضح نہیں کہ حکومت اس فیصلے کو قانوناً نافذ کرے گی یا نہیں۔
امریکی اسپورٹس کمپنی نائیکی کی جانب سے اس تازہ ترین پیش رفت پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت