پاکستان لگاتار 4 بین الاقوامی اسکواش ٹورنامنٹس کی میزبانی کے لیے تیار

اسلام آباد: پاکستان نے لگاتار 4 بین الاقوامی اسکواش مقابلوں کی میزبانی حاصل کر کے کھیل کی دنیا میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ان مقابلوں میں دنیا بھر سے نامور مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔
ان بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی مجموعی انعامی رقم چار لاکھ 39 ہزار ڈالرز مقرر کی گئی ہے۔ اس میزبانی سے مقامی کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور پاکستان کا عالمی سطح پر ایک مثبت اور پرامن تشخص ابھر کر سامنے آئے گا جو کھیلوں کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔
اسلام آباد میں فی الحال ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ جاری ہے جس کے فوراً بعد پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کے تحت یہ چاروں مقابلے منعقد ہوں گے۔ ان میں سے 3 بڑے مقابلوں کا انعقاد کراچی کے مختلف اسکواش کمپلیکسز میں کیا جائے گا جس سے ملک میں کھیلوں کی رونقیں بڑھیں گی۔
اسلام آباد میں 24 نومبر سے سلور کیٹگری کی چیف آف ایئر اسٹاف انٹرنیشنل چیمپئن شپ شروع ہوگی۔ اس 40 ہزار ڈالرز مالیت کے ایونٹ میں پاکستان کے عالمی انڈر 23 چیمپئن نور زمان ٹاپ سیڈ ہوں گے جبکہ اشعب عرفان اور محمد عاصم خان بھی ٹورنامنٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
کراچی میں 18 ہزار ڈالرز کی چیف آف نیول اسٹاف چیمپئن شپ یکم دسمبر سے شروع ہوگی جس میں ویمن ایونٹ بھی شامل ہے۔ اس کے بعد 6 دسمبر سے سندھ اوپن انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا انعقاد ہوگا جس میں مصر کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی بھی شرکت کریں گے۔
اس سلسلے کا آخری اور سب سے بڑا ایونٹ جنوری 2027 میں کراچی اوپن چیمپئن شپ کی صورت میں ہوگا۔ اس گولڈ کیٹگری کے ٹورنامنٹ میں ڈھائی لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ مینز اور ویمن مقابلوں میں یہ انعامی رقم مساوی طور پر کھلاڑیوں میں تقسیم کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان مقابلوں کے انعقاد سے ملک میں اسکواش کی بحالی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
عالمی کھلاڑیوں کی موجودگی سے مقامی کھلاڑیوں کو تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ملے گا، جس سے مستقبل میں پاکستان کی انٹرنیشنل رینکنگ میں بہتری متوقع ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت