جمعرات، 5 نومبر، 2026 · 26 جمادی الاول، 1448 ہجری

امریکی عوام مجھ سے تنگ آگئے تو اسرائیل کا وزیراعظم بن جاؤں گا، ڈونلڈ ٹرمپ

قومی خبریں
امریکی عوام مجھ سے تنگ آگئے تو اسرائیل کا وزیراعظم بن جاؤں گا، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو کے دوران انتہائی دلچسپ اور غیر روایتی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں اپنے ملک میں عوامی حمایت حاصل نہ رہی اور عوام ان کی پالیسیوں سے بیزار ہو گئے تو وہ اسرائیل منتقل ہو کر وہاں کی وزارت عظمیٰ سنبھال سکتے ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے دعوے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل میں ان کی مقبولیت کی شرح 99 فیصد تک ہے، جو کسی بھی رہنما کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی سیاست میں وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد ہلچل مچی ہوئی ہے۔

گفتگو کے دوران انہوں نے ری پبلکن پارٹی کی شکست کا اعتراف کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ ایران کے خلاف سخت مؤقف اور جنگی کشیدگی کے خدشات نے انتخابی نتائج کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

تاہم انہوں نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے معاملے پر ان کی انتظامیہ کا مؤقف اٹل ہے اور جوہری پروگرام کو ہر صورت روکا جائے گا، چاہے اس کے انتخابی نتائج کچھ بھی ہوں۔

واضح رہے کہ حالیہ انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی نے صدر ٹرمپ کے لیے داخلی سیاسی محاذ پر مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اسرائیل کے لیے مختص 4 ارب ڈالر کی فوجی امداد بند کرنے کے فیصلے نے بھی خطے میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اسرائیلی سیاسی حلقوں میں اس فیصلے پر شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور اپوزیشن نے نیتن یاہو سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ وسط مدتی انتخابات میں ناکامی کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کی مشرق وسطیٰ سے متعلق پالیسیوں پر دباؤ مزید بڑھے گا۔

مبصرین کے مطابق آنے والے دنوں میں امریکی صدر کے یہ متنازع بیانات عالمی میڈیا اور سیاسی حلقوں میں نئی بحث کو جنم دیں گے، جس سے خطے کی صورتحال مزید پیچیدہ ہونے کا امکان ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت