بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پرویز الہٰی سے اسد قیصر اور ارکان اسمبلی کی ملاقات، نئے میثاقِ جمہوریت کی ضرورت پر زور

تازہ ترین
پرویز الہٰی سے اسد قیصر اور ارکان اسمبلی کی ملاقات، نئے میثاقِ جمہوریت کی ضرورت پر زور

اسکرین گریب/ ایکس

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی سے اسد قیصر اور ارکان اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

ملاقات میں ملک کو درپیش سیاسی و معاشی چیلنجز، اپوزیشن کے کردار، پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں اور قانونی محاذ پر جاری کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ملک کو نئے میثاقِ جمہوریت کی ضرورت ہے، قومی ڈائیلاگ کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنا چاہیے۔

ملاقات میں پرویز الہٰی اور اسد قیصر نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق گہری تشویش کا اظہار کیا۔

پرویز الہٰی نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی تک ان کے ذاتی معالجین اور اہلخانہ کو رسائی دی جائے، جبکہ کوٹ لکھپت جیل میں قید پارٹی کی سینئر قیادت کو علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

اسد قیصر نے ملک بھر کی جیلوں میں قید پی ٹی آئی کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پی ٹی آئی اپنی سیاسی جدوجہد آئینی اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے جاری رکھے گی، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے دیگر پارٹی رہنماؤں اور اتحادی جماعتوں سے رابطے تیز کیے جائیں گے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ