بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے امن عامہ سے متعلق اہم قرار داد متفقہ منظور کرلی

تازہ ترین
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے امن عامہ سے متعلق اہم قرار داد متفقہ منظور کرلی

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں امن عامہ اور شہری حقوق کے تحفظ سے متعلق اہم قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

قرارداد میں تحریک آزادی کشمیر کے لیے پونچھ کے عوام کی تاریخی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

قرارداد میں پُرامن احتجاج اور اختلاف رائے کو شہریوں کا بنیادی حق قرار دیتے ہوئے راستوں کی بندش اور پُرتشدد کارروائیوں کی مذمت کی گئی۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کے مطابق 6 جون سے مختلف واقعات میں 34 اہلکار شہید اور 248 زخمی ہوئے، حکومت نے جائز مطالبات کے حل کے لیے متعدد عوامی مطالبات تسلیم کیے اور ان پر عمل درآمد بھی کیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی اور انتخابات میں شرکت کی پیشکش بھی کی گئی، تاہم کالعدم کمیٹی کی قیادت نے یہ پیشکش مسترد کردی، ساتھ ہی آئینی سوالات پر سپریم کورٹ سے رائے لینے کی پیشکش بھی مسترد کی گئی۔

قرارداد میں راولاکوٹ سمیت متاثرہ علاقوں میں راستوں کی بندش سے علاج، تعلیم اور خوراک کی ترسیل متاثر ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ بند راستے فوری کھولے جائیں اور شہریوں کو بلاخوف اپنے گھروں کو واپس جانے دیا جائے۔

قرارداد میں واضح کیا گیا کہ پُرامن احتجاج، سیاسی سرگرمی اور اختلاف رائے ہر شہری کا بنیادی حق ہے، تاہم کسی مسلح جتھے کو اسلحے کے زور پر راستے بند کرنے کا حق نہیں۔

مسلح گروہوں کے خاتمے، غیر قانونی اسلحہ اور سنگین جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ