بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ڈرون حملوں کا خطرہ، برطانوی فضائیہ کا جنگی طیارے محفوظ ہینگرز میں منتقل کرنے کا فیصلہ

تازہ ترین
ڈرون حملوں کا خطرہ، برطانوی فضائیہ کا جنگی طیارے محفوظ ہینگرز میں منتقل کرنے کا فیصلہ

فوٹو: برطانوی میڈیا

برطانوی فضائیہ نے ممکنہ ڈرون حملوں سے جنگی طیاروں کو محفوظ رکھنے کے لیے رات کے وقت انہیں ہینگرز اور مضبوط حفاظتی پناہ گاہوں میں منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق جن جنگی طیاروں کو رن ویز یا ایسے فوجی اڈوں پر کھڑا کرنا ناگزیر ہے جہاں مناسب حفاظتی انتظامات موجود نہیں، ان کے گرد ڈرون شکن جال لگانے کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

یوکرین میں روسی ڈرون حملوں سے فوجی سازوسامان، اہم تنصیبات اور شاہراہوں کو محفوظ رکھنے کے لیے اس نوعیت کے حفاظتی جال پہلے ہی استعمال کیے جارہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی دفاعی تنصیبات کو لاحق خطرات کے پیش نظر ایم آئی فائیو اور وزارت دفاع نے منگل کو یوکرین کو فوجی سازوسامان فراہم کرنے والی برطانوی کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ انہیں روس کی جانب سے تخریب کاری کے بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب ایران پر بھی گلوسٹرشائر میں واقع برطانوی فضائی اڈے آر اے ایف فیئر فورڈ کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

اس خطرے کے بعد امریکی محکمہ دفاع نے مذکورہ اڈے سے بمبار طیارے منتقل کردیے، جبکہ ایران کی جانب سے ایک اور ممکنہ خطرے کی اطلاعات کے بعد امریکی جنگی طیارے برطانیہ کے دوسرے فضائی اڈے سے بھی منتقل کیے گئے ہیں۔

برطانوی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سر ہارو سمائتھ نے کہا ہے کہ ممکنہ جنگی صورتحال میں طیاروں کو مختلف مقامات پر منتقل کرنے کی مشقیں ضروری ہیں، کیونکہ مستقبل کی جنگ میں برطانیہ کے اندر بھی کوئی مقام مکمل طور پر محفوظ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فضائیہ کو ایسی صورتحال کے لیے تیار رہنا ہوگا جس میں برطانیہ کی سرزمین سے ہی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مسلسل نقل و حرکت کرنا پڑے۔

ان کے مطابق رواں موسم گرما میں آر اے ایف کے مرکزی فضائی نقل و حمل کے مرکز برائز نورٹن میں نیا رن وے تعمیر کیا گیا، جس کے دوران طیاروں کو اسکاٹ لینڈ کے پریسٹ وک اور ولٹ شائر کے بوسکوم ڈاؤن سمیت مختلف مقامات پر منتقل کیا گیا، تاہم فضائی آپریشن متاثر نہیں ہوئے۔

برطانوی فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس تجربے سے ثابت ہوا ہے کہ ضرورت پڑنے پر تمام طیاروں کو ایک یا چند اڈوں پر رکھنے کے بجائے پورے برطانیہ میں پھیلایا جاسکتا ہے اور آپریشنز بھی جاری رکھے جاسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ دفاعی اخراجات میں کٹوتیوں کے باعث برطانیہ کے فوجی فضائی اڈوں کی تعداد بھی کم ہوچکی ہے، جس کے نتیجے میں جنگی طیاروں کو مختلف مقامات پر منتقل کرنے کے لیے دستیاب اڈے محدود ہوگئے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ