بابر اعظم جہاں بھی کھیلتے ہیں، شائقین کی بڑی تعداد انہیں دیکھنے پہنچ جاتی ہے: پال والٹر

انگلینڈ کے آل راؤنڈر پال والٹر نے پاکستانی بیٹر بابر اعظم کی غیر معمولی مقبولیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم جہاں بھی کھیلتے ہیں، شائقین کی بڑی تعداد انہیں دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کرتی ہے۔
پال والٹر نے یہ گفتگو انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی 20) میں شارجہ واریئرز اور ڈیزرٹ وائپرز کے درمیان شارجہ میں کھیلے گئے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔
ان سے سوال کیا گیا کہ کیا بابر اعظم کی مقبولیت کے باعث ڈیزرٹ وائپرز کو ملنے والی ہوم گراؤنڈ سپورٹ نے شارجہ واریئرز کی کارکردگی کو متاثر کیا؟
اس پر پال والٹر کا کہنا ہے کہ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں پاکستان میں بابر اعظم کے ساتھ کھیل چکا ہوں اور دیکھ چکا ہوں کہ بابر جہاں بھی کھیلتے ہیں وہاں ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر یقیناً ایک غیر معمولی کھلاڑی ہیں، انہیں کھیلتے دیکھنا اچھا لگتا ہے، تاہم میں چاہتا تھا کہ بابر جلد آؤٹ ہو جائیں۔
’بس بہت ہوگیا‘: بابر اعظم سے متعلق بار بار سوالات پر ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا صبر جواب دے گیا
پال والٹر نے میچ میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 75 رنز بنائے، جس میں 11 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، تاہم ان کی ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، ڈیزرٹ وائپرز نے 167 رنز کا ہدف 15 گیندیں باقی رہتے حاصل کرلیا۔
یہ میچ آئی ایل ٹی 20 میں بابر اعظم کا پہلا میچ بھی تھا، جس میں انہوں نے شاندار ڈیبیو کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 86 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، بابر کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ