ایران کیخلاف جنگ جاری رکھنے کیلئے جنوری کے آخر تک فنڈز موجود ہیں: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ — فائل فوٹو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے پاس ایران کے خلاف جنگ جنوری 2027ء کے آخر تک جاری رکھنے کے لیے مطلوبہ مالی وسائل موجود ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی اخبار’نیویارک پوسٹ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں جنوری کے اختتام تک جاری رکھنے کی مالی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اُنہوں نے کانگریس میں ڈیموکریٹس کے ممکنہ کردار پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ جنوری میں کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد جنگ محدود کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو امریکا کی حاصل کردہ کامیابی ناکامی میں تبدیل ہوسکتی ہے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ اور فضائی دفاعی نظام تباہ ہوچکے ہیں جب کہ اس کی قیادت بھی ختم کر دی گئی ہے۔
ایران پر دوبارہ حملوں کے لیے نیتن یاہو کا ٹرمپ پر دباؤ
ان کا کہنا ہے کہ امریکا ایک بڑی کامیابی حاصل کر چُکا ہے اور ڈیموکریٹس کی جانب سے فوجی کارروائی روکنے کی کوشش اس کامیابی کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے پاس جنگ جاری رکھنے کے لیے جنوری کے آخر تک فنڈز موجود ہیں لیکن جب چاہیں اس تنازع کو ختم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف کارروائیوں کا بنیادی مقصد وہاں حکومت تبدیل کرنا نہیں بلکہ اسے جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی ممکن ضرور ہے لیکن یہ کبھی ان کی جنگی حکمت عملی کا بنیادی معیار نہیں رہی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ