پاکستان نے امریکا و بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا

آکسفورڈ یونیورسٹی—فائل فوٹو
پاکستانی نوجوانوں نے ماحولیات کے مستقبل کے حوالے سے عالمی سطح پر مثبت سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا میں ساتویں پوزیشن حاصل کر لی۔
لندن کی آکسفورڈ سکولاسٹیکا اکیڈمی کے ایک نئے عالمی سروے میں پاکستانی طلبہ ماحولیات کے مستقبل کے بارے میں دنیا کے پُرامید ترین نوجوانوں میں شامل قرار پائے ہیں۔
سروے میں نوجوانوں سے ان کے ذاتی مستقبل، معیشت، ماحولیات، سیاست اور مجموعی معاشرتی حالات کے بارے میں امید اور اعتماد سے متعلق سوالات کیے گئے۔
سروے میں 100 ممالک کو شامل کیا گیا لیکن 41 ممالک کے طلبہ کے جوابات عالمی درجہ بندی کے لیے کافی قرار پائے، مجموعی طور پر 1 ہزار 433 طلبہ نے سروے میں حصّہ لیا۔
پاکستان کی مجموعی درجہ بندی
پاکستان نے مجموعی طور پر 5 میں سے 3.94 اسکور حاصل کر کے 41 ممالک میں 14 ویں پوزیشن حاصل کی، بھارت 3.93 اسکور کے ساتھ 15 ویں اور بنگلا دیش 3.92 اسکور کے ساتھ 16ویں نمبر پر رہا۔
سروے میں ماحولیات کے مستقبل کے حوالے سے پاکستانی طلبہ 3.73 اسکور کے ساتھ 7 ویں پوزیشن پر رہے۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستانی نوجوان امریکی، جرمن اور جاپانی نوجوانوں سے زیادہ پُرامید، سروے
اس شعبے میں پاکستان نے کینیڈا، امریکا اور برطانیہ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، جن کا اسکور بالترتیب 3.67، 3.58 اور 3.06 تھا۔
سروے میں پاکستانی طلبہ نے اپنے ذاتی مستقبل کے حوالے سے 4.55 اسکور حاصل کیا، جب کہ معاشرے کے مستقبل کے بارے میں ان کا اسکور 4.05 رہا، معاشرتی مستقبل کے حوالے سے پاکستان 13 ویں نمبر پر رہا۔
سیاسی مستقبل کے بارے میں پاکستانی نوجوانوں کی امید نسبتاً کم رہی اور اس شعبے میں ملک کا اسکور 3.27 ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے باوجود پاکستان نے سیاسی پرامیدی میں جرمنی، برطانیہ اور فرانس سے زیادہ اسکور حاصل کیا۔
کون سا ملک سرِفہرست رہا؟
عالمی درجہ بندی میں سری لنکا نے 4.33 مجموعی اسکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، کینیا 4.31 کے اسکور کے ساتھ دوسرے جب کہ نیپال 4.24 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
قازقستان چوتھے نمبر پر آیا، جبکہ نائیجیریا اور انڈونیشیا نے بھی نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں۔
مغربی ممالک میں کینیڈا چھٹے نمبر پر رہا، جبکہ امریکا، جرمنی، برطانیہ اور فرانس بالترتیب 3.99، 3.73، 3.61 اور 3.22 مجموعی اسکور کے ساتھ اس سے پیچھے رہے۔
دوسری جانب کویت 2.92 اسکور کے ساتھ فہرست میں آخری نمبر پر رہا۔
ترقی پذیر ممالک کے نوجوان زیادہ پُرامید کیوں؟
آکسفورڈ سکولاسٹیکا اکیڈمی کی شریک ڈائریکٹر لیوینیا ایبل کے مطابق مصنوعی ذہانت، جنگوں، مہنگائی اور روزگار کے مسائل سمیت کئی عوامل نوجوانوں میں مستقبل کے حوالے سے تشویش پیدا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا اور کینیا جیسے ممالک کے نوجوان جہاں معاشی اور سیاسی مشکلات موجود ہیں، برطانیہ اور فرانس جیسے خوشحال ممالک کے نوجوانوں کے مقابلے میں زیادہ پُرامید دکھائی دیتے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نوجوانوں کی امید کا تعلق صرف معاشی خوشحالی سے نہیں ہوتا۔
یہ سروے پاکستان کے نوجوانوں کی مثبت سوچ کی عکاسی کرتا ہے لیکن محققین کے مطابق اس کے نتائج کو احتیاط سے دیکھنا چاہیے کیونکہ یہ محدود تعداد میں طلبہ کے جوابات پر مبنی ہیں، اس لیے یہ ہر ملک کے تمام نوجوانوں کی نمائندگی نہیں کر سکتے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ